’’ وزیر اعظم کو’ کے کویتا ‘ کی للکار‘‘

   

’’ ہمت ہے تو ملک گیر سطح پر ایک ہی قیمت کا اعلان کریں‘‘
نریندر مودی کی جانب سے ایک ہی مارکٹ کے نعرہ پر ریمارک ، نظام آباد میں احتجاجی دھرنا میں شرکت

کاماریڈی : مرکزی حکومت کے زرعی پالیسی پارلیمنٹ میں تینوں بلوں کی منظوری کے خلاف ملک گیر سطح پر کسان تنظیموں کی جانب سے چلائے جانے والے احتجاج میں شدت پیدا کرتے ہوئے بھارت بند کا اعلان کیا تھا جس میں ہندوستان کے 24 سیاسی جماعتیں بشمول ٹی آرایس نے تائید کا اعلان کیا تھااور آج بھارت بند میں حصہ لیتے ہوئے قانون ساز کونسل کی رکن شریمتی کے کویتا نے قومی شاہراہ 44 کاماریڈی ٹیکریال چوراستہ پر 11 بجے سے 3 بجے تک دھرنا دیا اور کسانوں کی تائید میں نعرہ بازی کی اس دھرنا میں رکن پارلیمنٹ ظہیر آباد بی بی پاٹل ، رکن اسمبلی کاماریڈی گمپا گوردھن ، رکن اسمبلی یلاریڈی سریندر ، ریاستی ٹی آرایس اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے صدر ایم کے مجیب الدین پارٹی کی سکریٹری متحدہ ضلع کی انچارج اوما ، صدر نشین بلدیہ کاماریڈی ، یلاریڈی کے علاوہ دیگر قائدین بھی موجود تھے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کے کویتا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ملک میں ایک ہی مارکٹ کا نعرہ بلند کررہے ہیں اگر ہمت ہے تو ملک گیر سطح پر ایک ہی قیمت کا اعلان کریں تو بہتر ہوگا تینوں سیاہ قانون کی وجہ سے کسانوں کو شدید نقصان ہورہا ہے اور اقل ترین قیمتوں کی ادائیگی کیلئے خانگی کمپنیوں کے پاس منت و سماجت کرنا ہوگا جبکہ تلنگانہ حکومت میں کسانوں کے ساتھ مکمل انصاف کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ملک گیر سطح پر رعیتو بندھو اسکیم کا آغاز کیا گیاہے ،کسان اس ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ان کے کمر پر وار کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے احتجاج میں شرکت کرنے والے وکلاء سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں بڑے پیمانے پر وکلاء نے کاماریڈی سے شروعات کی تھی اور یہ تحریک ریاست گیر سطح پر عام ہوئی تھی اور اب بھی کسانوں کے احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے تحریک کو مستحکم کیا اور دیہی سطح پر کسانوں کو واقف کرانے کی خواہش کی ۔ صدر ریاستی اقلیتی سیل مسٹر ایم کے مجیب الدین نے اس جلسہ کی کارروائی چلائی ۔جلسہ میں صدرنشین بلدیہ کاماریڈی جھانوی ، پارٹی کی قائدین ارکان بلدیہ ضلع پریشد منڈل پریشد کے اراکین کے علاوہ دیگر بھی بڑے پیمانے پر موجود تھے جلسہ کے اختتام پر وزیر اعظم نریندر مودی کے علامتی پتلہ کو نذرآتش کیا گیا ۔ کسانوں کے احتجا ج سے 12 بجے سے 3بجے تک ٹرافک میں زبردست خلل پیدا ہوگیا اور قومی شاہراہ 44پر کئی میل تک ٹرافک مسدود ہوگئی ۔ اس موقع پر پولیس کا بھی بھاری بندوبست تھا۔