وزیر اعظم کی توہین کرنے والوں کو گرفتار کریں

   

ڈی جی پی کو کے سی آر کی ہدایت
حیدرآباد۔/21 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی کو ہدایت دی کہ سوشیل میڈیا میں وزیر اعظم نریندر مودی کی توہین کرنے والوں کو گرفتار کرتے ہوئے سخت کارروائی کریں۔ پریس کانفرنس کے دوران چیف منسٹر نے وزیر اعظم کی جانب سے ’ جنتا کرفیو ‘ کے دوران شام 5 بجے قوم سے اظہار یکجہتی کیلئے تالی بجانے کی تجویز پر بعض گوشوں کی جانب سے نکتہ چینی کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا میں بعض غیرذمہ دار لوگ اس تجویز کا مذاق اُڑارہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم ہیں اور انہوں نے وائرس کے خطرہ کی سنگین صورتحال میں قوم کو متحد کرنے کیلئے تجویز پیش کی جسے مذاق کا موضوع بنانا شرمناک حرکت ہے۔ ڈی جی پی کو ہدایت دیتا ہوں کہ وہ ایسے افراد کا پتہ چلا کر گرفتار کریں۔ کے سی آر نے کہا کہ وہ خود اپنے افراد خاندان کے ساتھ شام 5 بجے گھر سے نکل کر تالی بجائیں گے۔ تمام وزراء، ارکان اسمبلی اور قائدین بھی اس کی پابندی کریں گے۔ حکومت کی جانب سے سائرن بجاتے ہی چند منٹوں کیلئے مکانات سے نکل کر یا بالکونی میں آکر تالی بجانا چاہیئے۔