وزیر اعظم کے دورہ کے موقع پر احتجاج کیلئے کانگریس کی تیاریاں

   

یوگی ادتیہ ناتھ کے بھاگیہ لکشمی مندر مجوزہ دورہ کی مذمت، رکن اسمبلی جگا ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/29جون، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے مجوزہ دورہ حیدرآباد کے موقع پر احتجاجی منصوبہ کو قطعیت دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وعدوں کی تکمیل کی یاددہانی کرائی جاسکے۔ کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کل پارٹی کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ پارٹی کی جانب سے تلنگانہ سے کئے گئے انتخابی وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج منظم کیا جائے گا۔ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون میں جو وعدے کئے گئے تھے ان کی تکمیل نہیں کی گئی۔ جگا ریڈی نے تاریخی چارمینار کے دامن میں واقع بھاگیہ لکشمی مندر میں چیف منسٹر اتر پردیش یوگی ادتیہ ناتھ کی پوجا کے منصوبہ پر نکتہ چینی کی اور سوال کیا کہ یوگی ادتیہ ناتھ کس صورت سے مندر کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی یوگی عوامی قائد ہیں تو انہیں وزیر اعظم کے وعدوں کی تکمیل کی دعا کرنی چاہیئے۔ تلنگانہ عوام کو دیئے گئے تیقنات پر عمل آوری کی دعا کی جائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی مندروںکے نام پر سیاست کررہی ہے تاکہ سماج کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کیا جاسکے۔ عوام کو مشتعل کرنے کے بجائے بی جے پی قائدین کو انتخابی وعدوں کی تکمیل پر توجہ دینی چاہیئے۔ ہر سال 2 کروڑ ملازمتیں، ہر شخص کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپئے، ورنگل میں ریلوے کوچ فیکٹری، کسانوں کے قرض معافی، ٹرائیبل یونیورسٹی کا قیام، بیارم اسٹیل فیکٹری، آبپاشی پراجکٹ کو قومی درجہ اور دیگر وعدوں پر بی جے پی قائدین کو وزیر اعظم سے سوال کرنا چاہیئے۔ ر