وزیر اعظم کے پندرہ نکاتی پروگرام پر عمل کا مطالبہ

   

محبوب نگر کے وفد کی چیرمین اقلیتی کمیشن سے نمائندگی
محبوب نگر ۔/17 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد قمر الدین چیرمین اقلیتی کمیشن تلنگانہ سے یوسف بن ناصر صدر آل انڈیا ایجوکیشن سوسائٹی محبوب نگر نے چند گذارشات پیش کی ہیں۔ ’’ وزیر اعظم کے پندرہ نکاتی پروگرام کی روشنی میں ایک جی او جاری کیا گیا جس کانمبرGOMS8 ، مورخہ 27 نومبر2011 کو جاری کیا گیا جس میں حکومت نے چند اسٹیٹ عہدیداروں اور اراکین کو کمیٹیاں تشکیل دینے کے تعلق سے ہدایات دی ہیں مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بعض اضلاع میں کمیٹیاں تو تشکیل دی گئی ہیں مگر اس کی عمل آوری کیلئے موثر اقدامات نہیں کئے گئے جس کے باعث اقلیتی طبقہ کا نقصان ہورہا ہے ۔ اس بارے میں اپیل کی جاتی ہے کہ ریاستی سطح کی کمیٹی اور ضلعی سطح کی کمیٹیاں جلد سے جلد تشکیل دی جائیں اور وزیراعظم کے پندرہ نکاتی پروگرام کے مطابق سوسائٹی کی جانب سے میناریٹی ویلفیر تلنگانہ کو تحریری درخواست 21 فروری2015 میں 17 مئی 2017 اور 28 جولائی 2018 کو بھی دی گئی اس کے علاوہ چیف سکریٹری گورنمنٹ آف تلنگانہ کو 27 اکٹوبر 2015 کو بھی درخواست دی گئی مگر افسوس کہ اب تک اس خصوص میں کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ اس سلسلہ میں آپ سے التماس ہے کہ وزیر اعظم پندرہ نکاتی پروگرام کی عمل آوری کیلئے میناریٹی ویلفیر تلنگانہ اورگورنمنٹ چیف سکریٹری تلنگانہ کو ہدایت جاری کریں۔