“وزیر اعلٰی شندے پہلے ہی پارٹی چھوڑ چکے ہیں، وہ دعویٰ نہیں کر سکتے”، ادھو ٹھاکرے نے الیکشن کمیشن میں داخل کیا جواب

   

مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے شیوسینا پارٹی پر اپنے اختیار کا دعویٰ کرتے ہوئے جمعہ کو الیکشن کمیشن میں جواب داخل کیا ہے۔ اس جواب میں ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ مہاراشٹر کے موجودہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور شیوسینا کے دیگر باغی ایم ایل اے پہلے ہی اپنی مرضی سے پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔ ایسے میں وہ پارٹی کے نشان کے حوالے سے اپنے حق کی بات نہیں کر سکتے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق ادھو دھڑے نے بھی 5 لاکھ سے زیادہ پارٹی عہدیداروں اور ارکان کی حمایت کے ساتھ حلف نامہ داخل کیا ہے۔ ٹھاکرے دھڑے کے وکیل کا کہنا ہے کہ اب تک 2.5 موصول ہو چکے ہیں جبکہ مزید 3 لاکھ حلف نامے ممبئی کے سینا بھون میں تیار کیے جا رہے ہیں۔ یہ سب اگلے ہفتے تک ریکارڈ کرنے کا منصوبہ ہے۔