وزیر اعلیٰ کے عہدہ کیلئے کسی کو بلیک میل نہیں کروں گا:شیوکمار

   

سدارامیا کے نئی دہلی پہنچنے اور شیوکمار کا اپنا سفر منسوخ کرنا پارٹی میں ’’سب کچھ ٹھیک نہیںہے‘‘ کی علامت

بنگلورو، 16 مئی (یو این آئی) کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار نے نئی دہلی روانہ ہونے سے پہلے منگل کو کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ کا عہدہ حاصل کرنے کے لیے کسی کی پیٹھ میں چھرا نہیں گھونپیں گے اور نہ ہی کسی کو بلیک میل کریں گے ۔ شیوکمار نے ہوائی جہاز میں سوار ہونے سے پہلے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ سیاست میں ہر چیز پر غور کرنا پڑتا ہے ۔ جڑوں کے بغیر پھل نہیں ہوتا… ہمارا مشترکہ گھر ہے ، ہم تعداد میں 135 ہیں۔ میں یہاں کسی کو تقسیم نہیں کرنا چاہتا۔ سونیا گاندھی ہماری آئیڈیل ہیں اور ہائی کمان وزیراعلیٰ کے چہرے کا فیصلہ کریں گے ۔ اگر میں اہل ہوں تو وہ مجھے ذمہ داریاں دیں گے ۔ وہ مجھے پسند کریں یا نہ کریں، میں پارٹی کا صدر اور ایک ذمہ دار شخص ہوں۔ میں پیٹھ میں چھرا نہیں گھونپوں گا اورنہ ہی بلیک میل کروں گا کیونکہ میں غلط تاریخ رقم نہیں کرنا چاہتا۔ شیوکمار اور سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا وزیر اعلیٰ کے عہدہ کے لیے سب سے آگے ہیں۔ دونوں کی نظریں 2023 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے اس باوقار عہدہ پر جمی ہوئی ہیں۔ دونوں کے درمیان، شیوکمار وزیر اعلیٰ کے عہدہ کے لئے آگے رہے ہیں کیونکہ سدارامیا کی طرف سے زیادہ تعداد میں ایم ایل ایز کی حمایت کا دعویٰ کرنے کے بعد وہ پارٹی ہائی کمان کو سخت پیغامات بھیجتے رہے ہیں۔ اس کے برعکس سدارامیا خاموش رہے اور صحافیوں سے بات چیت نہیں کی۔ وہ پیر کی شام ایک خصوصی پرواز سے دہلی پہنچے اور کانگریس کے اعلیٰ رہنماؤں سے ملاقات کی۔ شیوکمار نے کل شام دہلی کے لیے ٹکٹ بک کرائے تھے لیکن اچانک صحت کی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے دورہ منسوخ کر دیا، جس سے قیاس آرائیوں کو ہواملی کہ پارٹی میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے ۔ دریں اثنا، کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس کی نگرانی کے لیے کرناٹک بھیجے گئے پارٹی کے مرکزی مبصرین نے اپنی رپورٹ پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کو سونپ دی ہے ۔ وہ کرناٹک کی ذات پات کی سیاست کی باریکیوں کو جانتے ہوئے اگلے وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کرنے کے لیے گیند سونیا گاندھی اور پارٹی لیڈر راہول گاندھی کے کورٹ میں ڈال سکتے ہیں۔