وزیر اکسائز کیخلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر خصوصی عدالت کی برہمی

   

عوامی نمائندوں کی عدالت میں شکایت کی سماعت
حیدرآباد ۔11۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر اکسائز سرینواس گوڑ کے خلاف عوامی نمائندوں کی عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کے مقدمات کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت میں شکایت کی گئی کہ سرینواس گوڑ نے اپنے انتخابی حلفنامہ میں تبدیلی کی ہے۔ الیکشن کمیشن کو غلط معلومات کے ساتھ حلفنامہ داخل کیا گیا ۔ خصوصی عدالت نے پٹیشن کی سماعت کرتے ہوئے سرینواس گوڑ اور سرکاری عہدیدار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی۔ عوامی نمائندوں کے مقدمات کی سماعت کرنے والی عدالت نے جملہ 10 افراد پر مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ تازہ ترین شکایت میں درخواست گزار راگھویندر راجو نے عدالت کو بتایا کہ محبوب نگر پولیس نے وزیر اکسائز کے خلاف تاحال کوئی مقدمہ درج نہیں کیا ہے۔ خصوصی عدالت کے احکامات کو نظر انداز کردیا گیا۔ خصوصی عدالت نے پولیس کو ہدایت دی کہ مقدمات سے متعلق تمام تفصیلات پیش کی جائیں۔ سرینواس گوڑ اور دوسروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا یا نہیں اگر درج کیا گیا ہے تو ایف آئی آر اور دیگر تفصیلات آج شام تک عدالت میں پیش کرنے کی پبلک پراسیکیوٹر اور پولیس کو ہدایت دی گئی۔ عدالت نے کہا کہ اگر محبوب نگر پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا ہے تو اسے توہین عدالت تصور کیا جائے گا ۔