وزیر جیویش کمار سمیت 49 نومنتخب اراکین اسمبلی نے حلف لیا

   

پٹنہ: بہار میں وسائل محنت کے وزیر جیویش کمار سمیت 17 ویں اسمبلی کے نومنتخب 49 اراکین نے آج ایوان کی رکنیت کا حلف لیا۔17 ویں اسمبلی کے پہلے سیشن کے دوسرے دن اجلاس میں پروٹیم اسپیکر جیتن رام مانجھی نے وسائل محنت کے وزیر جیویش کمار کو ایوان کی رکنیت کا حلف دلایا ۔ اس کے بعد 48 دیگر اراکین نے حلف لیا ۔ ایوان میں غیر حاضر رہنے کی وجہ سے چار نومنتخب اراکین اسمبلی اننت سنگھ ، انیرودھ پرساد یادو ، نریندر کمار نیرج اور امرجیت کشواہا آج حلف نہیں لے سکے ۔ اس کے ساتھ ہی 243نومنتخب اراکین میں سے 239 کا حلف مکمل ہوگیا ہے ۔حلف برداری کے بعد اسمبلی کی کاروائی کل 11.00 بجے دن تک کیلئے ملتوی کر دی گئی ہے ۔ کل بقیہ چار اراکین کی حلف برداری اور اسمبلی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔غورطلب ہے کہ سترہویں اسمبلی کا پہلا سیشن سموار سے شروع ہوا تھا اور پہلے دن نائب وزیراعلیٰ تارکشور پرساد ، نائب وزیراعلیٰ رینو دیوی ، آبی وسائل کے وزیر وجے کمار چودھری ، توانائی کے وزیر ویجندر پرساد ، وزیر زراعت امریند پڑتاپ سنگھ ، ٹرانسپورٹ کی وزیر شیلا کماری ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر رام پریت پاسوان اور محصولات و اصلاحات اراضی کے وزیر رام صورت رائے سمیت کل 190 نومنتخب اراکین نے حلف لیا تھا۔