وزیر داخلہ محمد محمود علی کا آج دورہ نارائن پیٹ

   

نارائن پیٹ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب عبدالرشید ڈی پی آر او نارائن پیٹ کی اطلاع کے بموجب ریاستی وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی 30 ستمبر کو نارائن پیٹ کا طوفانی دورہ کریں گے۔ وہ صبح 8 بجے حیدرآباد سے بذریعہ کار نارائن پیٹ ساڑھے گیارہ بجے تک تشریف لائیں گے۔ ان کے ہمراہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن تلنگانہ کے صدر نشین جناب محمد امتیاز اسحاق بھی ہوں گے۔ وہ سیدھا نارائن پیٹ میں درگاہ حضرت سید شاہ تقی بابا سبز پوش قادری ؒ جائیں گے جہاں زیارت کے بعد گفیورہ عاشور خانہ جو روڈ کی توسیع کے سلسلے میں شہید کیا گیا تھا دوبارہ سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے بابا، محلہ پلہ بزرگ قدیم قبرستان کی احاطہ کی دیوار کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ بعد ازاں وہ نارائن پیٹ کے قریبی موضع اخلاس پور میں کے سی آر، ریکو پارک کا افتتاح انجام دیں گے۔ ان کے دورہ نارائن پیٹ کے موقع پر پولیس کے وسیع تر صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ بعد ازاں وہ ایک جلسہ عام کو جو انجنا گارڈن فنکشن ہال میں منعقد ہوگا مخاطب کریں گے۔ اس موقع پر شرکاء کے لئے فنکشن ہال میں جلسہ عام کے بعد طعام کا نظم کیا گیا ہے۔ رکن اسمبلی نارائن پیٹ ایس راجندر ریڈی و اقلیتی قائدین ٹی آر ایس نارائن پیٹ نے عوام الناس بالخصوص اقلیتی برادری سے بڑے پیمانہ پر شرکت کی اپیل کی ہے۔