پٹنہ : مرکزی وزیر قانون اور بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے سنیئر لیڈر وی شنکر پرساد نے آج کہاکہ ممبئی کے سابق پولیس کمشنر نے جس طرح سے مہاراشٹر کے وزیر داخلہ پر الزام لگایا ہے اس کے بعد لوٹ کی مہا اگھاڑی ادھو حکومت کا اصلی چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے اور ان کی پارٹی ایسی حکومت کے خلاف سڑک پر تحریک چلائے گی ۔مسٹر پرساد نے یہاں بی جے پی کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہاکہ ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرم ویر سنگھ نے مہاراشٹر کے گورنر اور وزیراعلیٰ کو اس سے متعلق خط لکھا ہے ۔ خط میں وزیر داخلہ مسٹر دیشمکھ سے متعلق جو الزامات عائد کئے گئے ہیں اس کے بعد ادھو حکومت کی اصلی سچائی لوگوں کے سامنے آگئی ہے کہ کس طرح سے حکومت میں بیٹھے وزیر پولیس کے ذریعہ رقم جمع کرنے کا کام کرنے میں ملوث ہیں۔مرکزی وزیر نے کہاکہ اس واقعہ میں جس پولیس افسر سچن وازے پر الزامات لگے ہیں وہ کئی سالوں تک معطل تھے اور ان کی معطلی کورونا مدت میں واپس لی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ اس افسر کو پولیس محکمے میں ایک بڑی ذمہ داری بھی دی گئی۔