وزیر صحت راجندر کے قافلہ کو روکنے بیروزگار نوجوانوں کی کوشش،حضور نگر میں گھیراؤ پولیس نے احتجاجیوں کو گرفتار کرلیا

   

حیدرآباد: وزیر صحت ای راجندر کو کریم نگر میں بیروزگار نوجوانوں کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔ بی جے پی کی طلبہ تنظیم اے بی وی پی کی قیادت میں بیروزگار نوجوانوں نے حضور آباد میں راجندر کی کار کو روکنے کی کوشش کی ۔ دھان کی خریدی کے مرکز کا افتتاح کرنے کیلئے وزیر صحت حضور آباد پہنچے تھے۔ اے بی وی پی کارکنوں نے وزیر صحت کے قافلہ کو روکنے کی کوشش کی اور گھیراؤ کیا ۔ تاہم صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی۔ پولیس اور احتجاجیوں کے درمیان دھکم پیل ہوئی اور کئی احتجاجی معمولی سی زخمی ہوئے۔ حکومت کے خلاف نعرے لگانے والے احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ کارکنوں کا مطالبہ تھا کہ سرکاری محکمہ جات کی تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری کیا جائے ۔