یعقوب نامی نوجوان کو بچانے کی لمحہ آخر تک کوششوں کا تذکرہ
حیدرآباد۔یکم؍ ستمبر،( سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی آج اس وقت جذبات سے مغلوب ہوگئے جب انہیں پالیرو میں یعقوب نامی ایک نوجوان اور اس کے افراد خاندان کے سیلاب میں بہہ جانے کی اطلاع ملی۔ پی سرینواس ریڈی جو پالیرو اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں‘ پریس کانفرنس میں موجود تھے کہ انہیں یعقوب اور اس کے افراد خاندان کے بہہ جانے کی اطلاع ملی۔ سرینواس ریڈی نے بتایا کہ صبح سے وہ فون پر یعقوب سے ربط میں تھے اور انہیں ہمت دلارہے تھے کہ حکام کے ذریعہ بچالیا جائے گا۔ اینٹ بنانے والے یعقوب نے تقریباً 15 تا 20 مرتبہ وزیر سے فون پر بات کی اور پانی میں گھرے ہونے سے واقف کرایا۔ سرینواس ریڈی نے بتایا کہ بحریہ کے ہیلی کاپٹر حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔ فوج کے ہیلی کاپٹر کے علاوہ حکیم پیٹ ایر فورس سے ہیلی کاپٹر کی پرواز کی کوشش کی گئی لیکن موسم پرواز کیلئے ساز گار نہیں تھا۔ این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو روانہ کیا گیا لیکن وہ بھی پانی کے تیز بہاؤ کے سبب آگے نہیں بڑھ سکے آخر کار کسی طرح رسی کے ذریعہ لائف سیونگ جیاکٹ یعقوب و افراد خاندان تک پہنچائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ لائف جیاکٹ پہننے کے بعد بھی یعقوب نے ان سے فون پر بات کی اور اپنے آخری لمحات کا ذکر کیا۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ آخری لمحات کے وقت انہیں یعقوب اور اسکی ماں کی آوازیں سنائی دیں جو کانوں میں گونج رہی ہیں۔ یعقوب کو ہمت دلائی گئی لیکن چند لمحے بعد ان کا مکان پانی میں بہہ گیا۔ ریاستی وزیر تفصیلات بیان کرکے جذبات سے مغلوب ہوکر رو پڑے۔ اطلاعات کے مطابق بچاؤ ٹیموں نے یعقوب کے فرزند کو بچالیا جبکہ یعقوب، اس کی ماں اور دیگر افراد خاندان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ 1