وزیر ملاریڈی اور ان کے افراد خاندان کے 38 تعلیمی ادارہ جات

   

14 ایجوکیشنل سوسائٹیاں ، فیس اور ڈونیشن وصولی اور بینک کھاتوں کی جانچ
حیدرآباد۔23۔نومبر(سیاست نیوز) ریاستی وزیر لیبر مسٹر سی ایچ ملا ریڈی اور ان کے افراد خاندان کے جملہ 38تعلیمی ادارے ہیں جن میں اسکول سے یونیورسٹی تک کے ادارے شامل ہیں۔ ملا ریڈی اور ان کے افراد خاندان کے علاوہ تجارتی شراکت داروں کی جانب سے جملہ 14 ایجوکیشنل سوسائیٹیز چلائی جاتی ہیں جن کے تحت یہ تعلیمی ادارے موجود ہیں۔انکم ٹیکس عہدیداروں کی جانب سے ان تمام تعلیمی اداروں میں وصول کی جانے والی فیس ‘ ڈونیشن کے علاوہ دیگر معاملات کی بھی جانچ کی جا رہی ہے اور اس ان اداروں میں کنوینر کوٹہ کے تحت موجود نشستوں کو فروخت کئے جانے کے بھی انکشافات ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ انکم ٹیکس کے دھاؤوں کے دوران ہونے والے انکشافات کے بعد نشستوں کی فروخت اور دیگر فیس کی وصولی کے معاملات میں ہونے والی بے قاعدگیوں کے متعلق کاروائی کرنے کے مجاز ادارو ںکی جانب سے بھی ان تعلیمی اداروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ریاست تلنگانہ میں چلائی جانے والی ان 14 ایجوکیشنل سوسائیٹیز کے تحت موجود 38 تعلیمی اداروں میں نقد لین دین اور آن لائن ادائیگیوں کے علاوہ تنخواہوں کی اجرائی کے سلسلہ میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں ۔ کرانتی کو آپریٹیو اربن بینک لمیٹڈ میں ان تعلیمی اداروں کے کھاتوں کی موجودگی اور بینک کے ڈائریکٹرس کے ان تعلیمی اداروں میں بھی ڈائریکٹر کے عہدہ پر فائز ہونے کے سبب ان کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ انکم ٹیکس ذرائع کے مطابق مجموعی اعتبار سے 300سے زائد کھاتوں کی جانچ کی جا رہی ہے اور ان میں کھاتوں میں ڈائریکٹرس کے علاوہ ان ادارو ںمیں خدمات انجام دینے والے بعض ملازمین کے کھاتے بھی شامل ہیں۔م