وزیر ٹی سرینواس یادو کا دورہ روضۃ الاصفیاء قبرستان

   

مسائل کی یکسوئی کے لیے نمائندگی پر مثبت ردعمل

حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( راست ) : ریاستی وزیر برائے افزائش مویشیاں، سمکیات، فروغ ڈیری اور سینیماٹوگرافی جناب تلاسانی سرینواس یادو نے کہا کہ تمام مسائل کو حل کرکے روضتہ الاصفیاء قبرستان کی ترقی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ جمعرات کے روز وزیر نے مختلف محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ صنعت نگر حلقہ میں واقع قبرستان (روضتہ الاصفیاء قبرستان) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر سے ایک پنکھڑیوں کا شیڈ بنانے، سمنٹ کے فرش کی تعمیر اور موجودہ عمارت کے اوپر ایک کمرہ کی تعمیر کی نمائندگی کی گئی تو انہوں نے فوری مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ اسی طرح قبرستان میں 10 ہائی ماسٹ لائٹس لگانے اور درختوں کے شاخوں کی کٹائی کروانے کو کہا۔ ہارٹیکلچر افسر راگھویندر کو مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر سے ایک نل کے کنکشن کی نمائندگی کی گئی جس پر وزیر نے واٹر ورکس کے جی ایم رامناریڈی کو بور ویل لگانے کے لئے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ قبرستان میں کئی مقامات پر گڑھے موجود ہیں ، انہیں مٹی سے بھرنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کو کہا۔ وزیر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ اس موقع پر وزیر کے ہمراہ زونل کمشنر سرینواس ریڈی، ڈپٹی کمشنر مکندا ریڈی، ای ای سدرشن، الیکٹریکل ڈی ای سریدھر، اے ای رویندر، واٹر ورکس جی ایم رامناریڈی، سابق کارپوریٹر اتلی ارونا گوڑ، قبرستان کمیٹی کے چیرمین نورالاصفیاء ، جامع مسجد کمیٹی کے سکریٹری صادق، نلہ گٹہ کمیٹی سیکرٹریز داؤد، راشد، یاسین اور دیگر نے شرکت کی۔