غزہ پٹی : جمعہ کی صبح اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے وسطی علاقوں پر حملے کردئیے، حماس سے وابستہ القسام بریگیڈز کے ذرائع نے بتایا کہ15 اسرائیلی حملوں میں پٹی کے کچھ مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ اس نے غزہ کے آسمان میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں اور طیارہ شکن میزائلوں سے اسرائیلی لڑاکا طیاروں کا مقابلہ کیا ہے۔ ’’العربیہ ‘‘کے نمائندے نے اسرائیلی فوج کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی میں زیر زمین سرنگ کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ حملہ فلسطینی عسکریت پسندوں کی جانب سے غزہ کی پٹی سے جنوبی اسرائیل کی جانب 8 راکٹ فائر کیے جانے کے بعد سامنے آیا۔فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی میزائل ڈیفنس سسٹم نے ان راکٹوں میں سے تین کو ناکارہ بنا دیا۔ اس کے بعد غزہ سے راکٹ فائر کئے جانے کے تناظر میں پٹی کے اطراف کی بستیوں میں سائرن بجائے جانے لگے۔دوسری طرف امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے جمعرات کو مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں فلسطینی جنگجوؤں اور کم از کم ایک شہری کی شہادت کے بعد کشیدگی میں کمی کا مطالبہ کردیا۔ نیڈ پرائس نے کہا کہ ہم تمام فریقوں سے کشیدگی میں کمی کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہیں، تاکہ شہریوں کی جانوں کے مزید نقصان کو روکا جا سکے اور مغربی کنارے میں سیکورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے تعاون کیا جائے۔ اسرائیلی فوج نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ اس نے غزہ کی پٹی سے جنوبی اسرائیل کی طرف داغے گئے دو میزائلوں کو ناکارہ بنا دیا ہے۔فلسطینیوں میں ہونے والوں میں سے کم از کم ایک کی شناخت ایک عسکریت پسند کے طور پر کی ہے لیکن یہ واضح نہیں ہوا کہ ہلاک ہونیوالے دوسرے کتنے فلسطینیوں کا تعلق مسلح گروپس سے تھا۔اسرائیلی وزیر دفاع یاو گیلنٹ نے ایک سیکیورٹی بریفنگ کے بعد مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کے ساتھ اسرائیلی سرحد پر فورسز کو انتہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔