وشاکھاپٹنم میں اڈانی گروپ کو 130 ایکر اراضی کی منظوری

   

ڈیٹا سنٹرو بزنس پارک کا قیام، 4000 جائیدادوں پر تقررات، سکھ و جین طبقات کیلئے علحدہ کارپوریشن، جگن حکومت کے اہم فیصلے
حیدرآبا 28 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش کی جگن موہن ریڈی حکومت نے مختلف محکمہ جات میں 4035 جائیدادوں پر تقررات کو منظوری دی ہے۔ کابینہ نے کسانوں کو 9 گھنٹے مفت برقی کی سربراہی، سینما ٹکٹس کی آن لائین خریدی کیلئے سینماٹوگرافی قانون میں ترمیم ، سکھ و جین طبقات کی ترقی کیلئے علحدہ کارپوریشن کے قیام اور اعلیٰٰ طبقات کی ترقی کیلئے علحدہ وزارت کو منظوری دی ہے۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کی صدارت میں کابینہ کا اجلاس امراوتی میں منعقد ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے ۔ ریاستی وزیر پی نانی نے میڈیا کو تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ بی سی طبقات کی مردم شماری کے حق میں اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کا فیصلہ کیا گیا۔ مرکزی حکومت سے بی سی طبقات کی مردم شماری کی اپیل کی جائے گی ۔ 1947 ء کے بعد کاسٹ کی بنیاد پر مردم شماری نہیں کی گئی۔ محکمہ ہیلت کے مختلف اداروں میں 1285 نئی جائیدادوں پر تقررات کو کابینہ نے منظوری دی ہے۔ اربن ہیلت کلینکس میں 560 فارماسسٹس کے تقررات کئے جائیں گے ۔ میڈیکل کالجس میں 2190 جائیدادوں پر تقررات کو کابینہ نے منظوری دی ہے۔ مجموعی طور پر 4035 نئی جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔ حکومت محکمہ صحت میں 41308 جائیدادوں پر تقررات کا منصوبہ رکھتی ہے اور ابھی تک 26197 جائیدادوں پر تقررات کئے گئے۔ کابینہ نے کسانوں کو 9 گھنٹے مفت برقی کی سربراہی کیلئے سولار اینرجی کارپوریشن سے معاہدہ کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ جین اور سکھ اقلیتی طبقات کی جانب سے حکومت کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کیلئے علحدہ کارپوریشن کے قیام کی مانگ کی جارہی ہے ۔ کابینہ نے اس کی منظوری دیدی ۔ ریاست میں مسلم اور کرسچن اقلیت کیلئے علحدہ کارپوریشن موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ طبقات میں معاشی طور پر پسماندہ خاندانوں کی بھلائی کیلئے علحدہ وزارت کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ۔ ریاست میں سیاحت کو فروغ دینے پانچ مقامات پر 7 اسٹار سیاحتی ریسارٹس کے قیام کیلئے کابینہ نے اراضی کے الاٹمنٹ کو منظوری دی ہے۔ پرکاشم ضلع میں جے این ٹی یو کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ 17 نومبر سے اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے گا ۔ کابینہ نے وشاکھاپٹنم کے مدھورا واڑہ علاقہ میں اڈانی کمپنی کو 130 ایکر اور شاردا پٹھم کو 15 ایکر اراضی کے الاٹمنٹ کو منظوری دی ہے۔ 200 میگا ڈیٹا سنٹر اور بزنس پارک کے لئے 130 ایکر اراضی الاٹ کی جائے گی ۔ کابینہ نے ماوسٹوں سے ملحقہ تنظیموں پر امتناع میں ایک سال کی توسیع کردی ہے ۔ ر