وظیفہ پیرانہ سالی پر جھگڑابیٹوں نے ماں کو سڑک پرے سہاراچھوڑدیا

   

حیدرآباد 16اگست(یواین آئی ) کریم نگر ضلع میں ایک دل کو جھنجھوڑ دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ماں، جس نے 9 ماہ تک پیٹ میں اور ساری زندگی اپنی اولاد کو محبت، قربانی اور خدمت سے پالا، ضعیفی میں اپنے ہی بیٹوں کے ہاتھوں سڑک پر بے سہارا چھوڑ دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق تادیگل گاؤں کی ساکن لکشمی کے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے ۔ 20سال قبل شوہر کی موت کے بعد لکشمی نے اپنی جملہ جائیداد تینوں بیٹوں میں تقسیم کردی تھی۔ اس وقت طے پایا تھا کہ وہ باری باری ہر بیٹے کے گھر دس دن قیام کرے گی تاکہ سب مل کر اس کی دیکھ بھال کریں۔رپورٹ کے مطابق دوسرے بیٹے راجیا کے ہاں مقررہ دس دن گزارنے کے بعد لکشمی کو بڑے بیٹے راج کوموریایہ کے گھر لے جایا گیا۔ وہاں بڑے اور چھوٹے بیٹے کے درمیان لکشمی کو ملنے والی پیرانہ سالی کی پنشن کی رقم پر تنازعہ ہوگیا۔ جھگڑا اس قدر بڑھا کہ بڑے بیٹے نے ماں کو گاؤں کی پنچایت کے قریب چھوڑ دیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ منظر دیکھ کر گاؤں کے لوگ افسردہ ہوگئے اور فوری پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے دونوں بیٹوں کو طلب کیا اور مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کے بعد لکشمی کو واپس گھر لے جایا گیا۔