وقارآباد کے بارش سے متاثرہ علاقوں میں اسپیکر پرساد کمار کا دورہ

   

متاثرین کو امداد کا تیقن، سڑکوں کی فوری مرمت کیلئے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے وقارآباد میں بارش سے متاثرہ مومن پیٹ منڈل کا دورہ کرتے ہوئے امدادی کاموں کا جائزہ لیا اور عوام سے ملاقات کی۔ انہوں نے مقامی کاسولباد چیروو پر موجود برج کا معائنہ کیا جو پانی کے تیز بہاؤ کے سبب بند کردیا گیا تھا۔ انہوں نے ریلوے انڈر برج کا معائنہ کیا اور علاقہ میں تباہ شدہ سڑکوں کی فوری مرمت کی ہدایت دی۔ مقامی افراد نے اسپیکر اسمبلی کو بارش کے نقصانات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ ضلع کلکٹر پرتیک جین ، آر ڈی او واسو چندرا اور مقامی عوامی نمائندے شنکر یادو، سبھاش، مہیندر ریڈی، اعجاز پٹیل، سراج الدین اور دوسرے دورے کے موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر اسپیکر اسمبلی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محض دو دن کی بارش نے ریاست بھر میں بھاری تباہی مچائی ہے۔ وقارآباد ضلع کے تانڈور اور کوڑنگل اسمبلی حلقہ جات میں بھاری نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ فصلوں اور جائیدادوں کو نقصان کے نتیجہ میں عوام حکومت کی امداد کے منتظر ہیں۔ اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ تباہ شدہ مکانات کیلئے حکومت کی جانب سے 3200 روپئے فوری طور پر امداد دی جارہی ہے جس کے چیکس کی تقسیم کا آغاز ہوچکا ہے۔ عہدیداروں نے نقصانات کا تخمینہ اور امداد کی تقسیم کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ اسپیکر اسمبلی نے مختلف دیہاتوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور انہیں حکومت کی جانب سے ہر ممکن امداد کا یقین دلایا۔1