وقف بورڈ کا اجلاس اواخر جون میں منعقد کرنے پر غور

   

حیدرآباد16جون(سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کا اجلاس جو 20 جون کو متوقع تھا اواخر جون میں منعقد کرنے پر غور ہورہا ہے ۔ 20جون سے حج ہاؤز سے عازمین حج کی روانگی شروع ہوگی ۔ اس لئے بورڈ اجلاس کو حج کیمپ کے بعد منعقد کیا جائیگا۔ سابقہ اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ آئندہ اجلاس 20 جون کو ہوگا لیکن عازمین کی روانگی کے شیڈول کے پیش نظر اجلاس کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس اواخر جون میں ہوگا تاکہ عازمین کی روانگی میں دشواری پیدا نہ ہو۔ بتایاجاتا ہے کہ اجلاس میں مستقل چیف ایگزیکیٹیو آفیسر کے علاوہ اسٹینڈنگ کونسل کے متعلق اہم فیصلہ ہوگا ۔ اجلاس میں بورڈ کی عدم تشکیل کے سبب زیر التواء درخواستوں کی یکسوئی کو بھی ایجنڈہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ رکن وقف بورڈ مولانا سید ابوالفتح بندگی پاشاہ نے محکمہ اقلیتی بہبود کو روانہ مکتوب میں بورڈ کا اجلاس منعقد کرکے زیر التواء مسائل کے حل کا مطالبہ کیا تھا۔ عہدیدارو ںنے مشاورت کے دوران حج کیمپ کے بعد بورڈ اجلاس کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔