جمعہ سے دو روزہ اجلاس، بجٹ سیشن میں پیشکشی کی تیاری
حیدرآباد۔/22 جنوری، ( سیاست نیوز) وقف ترمیمی بل 2024 پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی نے رپورٹ کی تیاری کی سرگرمیوں کو تیز کرتے ہوئے آخری مراحل میں اسٹیک ہولڈرس اور کمیٹی کے ارکان کی رائے طلب کی ہے۔ پارلیمانی کمیٹی کا 24 اور 25 جنوری کو اجلاس منعقد ہوگا جس میں وقف ترمیمی بل کے ہر نکتہ پر مباحث ہوں گے اور کمیٹی کے ارکان کی رائے حاصل کی جائے گی۔ پارلیمانی کمیٹی نے لوک سبھا کے بجٹ اجلاس میں رپورٹ کی پیشکشی کی اسپیکر اوم برلا سے اجازت حاصل کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کمیٹی اسٹیک ہولڈرس اور کمیٹی ارکان کے موقف کی بنیاد پر قطعی رپورٹ کی تیاری کا کام جلد شروع کرے گی۔ کمیٹی کے صدرنشین جگدمبیکا پال نے امید ظاہر کی کہ مقررہ وقت پر رپورٹ پیش کردی جائے گی اور ارکان کے اتفاق رائے سے رپورٹ تیار ہوگی۔ کمیٹی نے ارکان سے کہا ہے کہ وہ اپنی سفارشات داخل کردیں۔ بجٹ سیشن کے اختتام سے قبل رپورٹ پیش کرنے کی تیاری ہے۔ جگدمبیکا پال نے کہا کہ گذشتہ چھ ماہ کے دوران کمیٹی نے ملک کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے اجلاس منعقد کئے اور تمام اسٹیک ہولڈرس کی رائے حاصل کی۔ مجھے یقین ہے کہ اتفاق رائے سے رپورٹ تیار کرلی جائے گی۔ رپورٹ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں پیش کی جانی تھی لیکن ہم نے اضافی وقت کی درخواست کرتے ہوئے بجٹ سیشن میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسپیکر اوم برلا نے بجٹ سیشن کے آخری دن تک رپورٹ پیش کرنے کی مہلت دی ہے۔ پارلیمنٹ کا بجٹ سیشن 31 جنوری کو شروع ہوگا۔ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی نے 10 ریاستوں میں اجلاس منعقد کئے اور لکھنو میں گذشتہ دنوں تمام اسٹیک ہولڈرس سے بات چیت کی گئی۔ وقف ترمیمی بل اگسٹ میں لوک سبھا میں پیش کیا گیا اور اپوزیشن کے اصرار پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ وقف ترمیمی بل کی بیشتر ترمیمات 2006 کی راجندر سچر کمیٹی کی سفارشات کے عین مطابق ہے۔ کمیٹی میں شامل بعض ارکان میعاد میں مزید توسیع کے خواہاں ہیں۔1