وقف جائیدادیں‘ ملت اسلامیہ کے اہم اثاثے، تحفظ ضروری

   

نظام آباد میں وقف مسلم پروٹیکشن کمیٹی کی تشکیل ، نو منتخب صدر حافظ محمد لئیق خاں کا خطاب

نظام آباد :وقف جائیدادیں ملت اسلامیہ کا اہم ترین اثاثہ ہے لیکن وقف بورڈ کی لاپرواہی اور ملت اسلامیہ کی غفلت کے باعث اس اہم ترین اثاثہ سے ملت اسلامیہ مستفید نہیں ہو پارہی ہے اس سنگین صورتحال کو بدلنے کیلئے ملت اسلامیہ کا شعور بیدار کرنے وقف جائیدادوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ملت اسلامیہ کے مجموعی مسائل پر آواز اٹھانے کیلئے ’’وقف اینڈ مسلم پروٹیکشن کمیٹی نظام آباد‘‘ کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے ۔ حافظ محمد لئیق خان کی زیر صدارت ثناء بینکوٹ ہال میں اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں وقف اینڈ مسلم پروٹیکشن کمیٹی کی تشکیل عمل میں لانے کا اعلان کیا گیا ۔ وقف اینڈ مسلم پروٹیکشن کمیٹی صدر کی حیثیت سے حافظ محمد لئیق خان کا با اتفاق آراء انتخاب عمل میں لایا گیا نائب صدور کی حیثیت سے محمد افضل الدین صدر انتظامی کمیٹی عیدگاہ قدیم و جدید، مولانا کریم الدین کمال ، حافظ وجہہ اللہ خان ، مولانا حیدر قاسمی کو منتخب کیا گیا ۔ معتمد کی حیثیت سے مرزا افضل بیگ تیجان خادم ملت کا انتخاب کیا گیا ۔ نائب معتمد کی حیثیت سے مولانا حافظ سمیع اللہ امام و خطیب مکہ مسجد ، ایم اے قیوم این آر آئی ،مولانا افروز فیضی ، مولانا ارشد کا انتخاب کیا گیا ۔ خازن کی حیثیت سے محمد واجد کو منتخب کیا گیا۔ مشیر کی حیثیت سے جنید احمد ایڈوکیٹ ، معاون مشیر کی حیثیت سے مولانا غلام رسول ، مولانا عابد ، شعبہ نشر و اشاعت میں ایم اے ماجد اور محمد خالد خان کو شامل کیا گیا ۔ اراکین عاملہ میں عنایت علی افروز، عظمت اللہ سعید حسامی ، مولانا ہاشم بیگ ، مولانا مختار، مفتی ابراہیم ، حافظ عتیق ، حافظ اصغر ، حافظ فیاض ، حافظ عبدالحکیم ، حافظ ذاکر ، حافظ امجد ، معین یونس شامل ہے ۔ نو منتخب صدر وقف اینڈ مسلم پروٹیکشن کمیٹی نظام آباد حافظ محمد لئیق خان نے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظام آباد شہر اور ضلع میں وقف اراضیات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سب سے اہم بازیابی کلکٹریٹ مسجد کیلئے بڑے پیمانے پر مہم چلائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ باز یابی کلکٹریٹ مسجد کیلئے کل جماعتی مکتب فکر کے احباب کے ہمراہ اس کام کو آگے بڑھایا جائیگا۔ وقف جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں حافظ محمد لئیق خان نے کہا کہ قاضی خلیل سرائے کی کروڑہا روپئے مالیتی اراضی کو باز یاب کرنے کے علاوہ اس اراضی پر قابضین کو وقف بورڈ کا کرایہ دار بنانے کیلئے قانونی طور پر کارروائی کی جائے گی ۔ مولانا حافظ محمد لئیق خان نے کہا کہ وقف اراضیات کے تحفظ میں غفلت کی وجہ سے ملت اسلامیہ کی معاشی و سماجی صورتحال ابتر ہورہی ہے لیکن وقف اراضیات کے تحفظ میں اب مزید لاپرواہی نہیں کی جاسکتی اس کیلئے ملت اسلامیہ کے شعور کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ وقف بورڈ کے تعاون کے ذریعہ تمام ہی وقف جائیدادوں کے تحفظ اور غیر مجاز قبضہ جات کو برخواست کرانے اور ان قیمتی وقف جائیدادوں کو ملت اسلامیہ کیلئے کارآمد بنانے ہر ممکنہ سعی کی جائے گی۔