حیدرآباد 10 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ولیج ریونیو اسسٹنٹس کے سرکاری محکمہ جات میں تقرر پر روک لگادی ۔ ہائی کورٹ نے دیگر محکمہ جات میں وی آر ایز کی خدمات کو ضم کرنے حکومت کے احکامات کو معطل کردیا ۔ عدالت نے 24 جولائی کو جاری حکومت کے احکام کو جوں کا توں برقرار رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے وی آر ایز کو پے اسکیل پر عمل کرکے دیگر محکمہ جات میں فائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ مال نے 24 جولائی کو جی او نمبر 81 اور محکمہ فینانس نے 3 اگست کو جی او نمبر 85 جاری کیا تھا ۔ 3 اگست کو چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن نے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جس کے تحت ریاست بھر میں 61 سال سے کم عمر کے 16758 ولیج ریونیو اسسٹنٹس کو سرکاری محکمہ جات میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ وی آر ایز کو جونیئر اسسٹنٹ اور ریکارڈ اسسٹنٹ جیسے عہدوں پر فائز کیا جائے گا۔ حکومت کے احکام کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا اور حکم التواء جاری کرکے عدالت میں حکومت کو حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ آئندہ سماعت چار ہفتے بعد ہوگی۔
