ولیعہد محمد بن سلمان وزیراعظم سعودی عرب مقرر

,

   

ریاض : سعودی عرب کے طاقتور ولیعہد محمد بن سلمان کو وزیراعظم نامزد کیا گیا ہے۔ یہ عہدہ روایتی طور پر شاہ سلطنت کے پاس رہتا آیا ہے۔ منگل کی رات معلنہ حکومتی ردوبدل میں محمدبن سلمان المعروف ایم بی ایس کو وزیراعظم مقرر کیا گیا۔ وہ کئی سال سے سلطنت کے عملاً حکمران کی حیثیت سے سرگرم نظر آئے ہیں۔ سابق میں وہ شاہ سلمان کے تحت نائب وزیراعظم کے ساتھ ساتھ وزیر دفاع کے عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔ وزیر دفاع کی حیثیت سے اُن کی جگہ اُن کے چھوٹے بھائی خالد بن سلمان کو نامزد کیا گیا ہے جو پہلے نائب وزیر دفاع تھے۔ شاہ سلمان کے شاہی فرمان کے مطابق دیگر اہم وزارتوں بشمول اُمور داخلہ، اُمور خارجہ اور توانائی کے سربراہان اپنے عہدوں پر برقرار ہیں۔ سرکاری سعودی پریس ایجنسی نے یہ اطلاع جاری کی ہے۔ ولیعہد ایم بی ایس جو گزشتہ ماہ 37 سال کے ہوئے، 2017 ء سے حکمرانی کرنے والے اپنے والد 86 سالہ شاہ سلمان کے ممکنہ جانشین شخصیتوں میں اوّل ہیں۔ وہ 2015 ء میں وزیر دفاع بنے تھے ۔ اُس کے بعد سے اُنھوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔