ولیعہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد

,

   

سرخ قالین استقبال ، مالی دشواریوں سے دوچار پاکستان کیلئے بڑی راحت ، کئی معاہدوں پر دستخط

کل ہندوستان کا دورہ

اسلام آباد ۔ /17 فبرور ی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کی بڑھتی کشیدگی کے درمیان سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان آج اسلام آباد پہونچ گئے ۔ ان کے دورہ کو نامعلوم وجوہات کے باعث ایک دن کیلئے موخرکردیا گیا تھا ۔ محمد بن سلمان ہفتہ کو پاکستان پہونچنے والے تھے ۔ اسلام آباد میں سرکاری حلقوں میں ان کی آمد پر غیرمعمولی سرگرمی دیکھی گئی ۔ محمد بن سلمان نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی پیدا ہونے کے بعد سکیورٹی وجوہات کے باعث اپنا دورہ ملتوی کرنے کا ارادہ کیا تھا لیکن پاکستان کے وزارت خارجہ کے دفتر کو اس وقت راحت ملی جب سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اتوار کو پاکستان جانے کا اعلان کیا ۔ جے ایف 17 لڑاکا طیاروں اور ایف 16 لڑاکا طیاروں کے قافلوں کی سکیورٹی میں سعودی عرب کا شاہی طیارہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا ۔ ان کی آمد پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی ۔ جیسے ہی محمد بن سلمان اپنے طیارے سے راولپنڈی کے نور خان ایربیس پر اترے وزیراعظم پاکستان نے ان کا والہانہ استقبال کیا ۔ اس موقع پر عمران خان کابینہ کے ارکان کے علاوہ فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوا بھی موجود تھے ۔ مختصر پروٹوکول کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ان کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی ۔ دو روزہ دورہ پر اسلام آباد پہونچنے والے محمد بن سلمان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا ۔ ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا ۔ ان کے ہمراہ سعودی کابینہ کے ارکان ، اعلیٰ حکومتی ذمہ داران اور سعودی عرب کے ممتاز کمپنیوں کے سربراہان بھی پاکستان پہونچ گئے ہیں ۔ محمد بن سلمان کا بطور ولیعہد دورہ پاکستان ہے جس میں وہ صدر پاکستان اور فوجی سربراہ سے بھی ملاقات کریں گے ۔ اسلام آباد میں پیر کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔ تمام اہم شاہراہوں اور پارلیمنٹ ہاؤز کو بڑے بڑے خیرمقدمی کمانوں سے سجایا گیا ہے ۔ پاکستان کے موجودہ معاشی حالات اور ہند پاک کشیدگی کے تناظر میں سعودی ولیعہد کے دو روزہ دورہ کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے ۔ اس دورہ کے دوران آئیل ریفائنری کے قیام کے بشمول 8 یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے اور ان معاہدوں کی وجہ سے پاکستان میں تقریباً 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے ۔ محمد بن سلمان /19 فبرو ری کو دوہ روزہ دورہ پر ہندوستان پہونچیں گے ۔ وہ یہاں انسداد دہشت گردی اور توانائی سلامتی جیسے ایجنڈے پر بات چیت کریں گے۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان افغان امن اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کے حوالے سے بھی بات چیت ہوگی۔