ولیمسن اور بابر بہتر اوسط سے رنز بنانے والے بیٹسمینس

   

دبئی۔18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم 2019ء میں زیادہ اوسط سے رنز بنانے والے دوسرے بیٹسمین بن گئے جبکہ اس دوڑ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن پہلے مقام پر فائز ہیں۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق رواں سال پاکستانی رنز مشین بابر اعظم کے لیے بہت ہی شاندار رہا۔ انہوں نے 2019ء میں 18 ون ڈے کھیلے جس میں انہوں نے 59.12 کی اوسط سے 946 رنز بنائے ہیں۔ رواں سال زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں بابر اعظم چھٹے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے اس دوران 2 سنچریاں اور 6 نصف سنچریاں بنائیں اس دوران وہ دو مرتبہ ناٹ ا?ؤٹ بھی رہے۔ یاد رہے کہ ورلڈکپ 2019 میں شاندار کارکردگی کی بدولت بابر اعظم نے کیریئر کی بہترین رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں، وہ آئی سی سی ونڈے رینکنگ میں ویرات کوہلی اور روہت شرما کے بعد تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق کیویز کپتان کین ولیمسن 2019 میں 20 میچ کھیل کر 2 سنچریوں اور 6 نصف سنچریوں کی بدولت 59.25 کی اوسط سے 948 رنز بنا کر سب سے آگے ہیں۔ روہت شرما نے 22 میچوں کی 22 اننگز میں 1204 رنز بنائے ہیں اس میں 5 نصف سنچریاں اور 6 سنچریاں شامل ہیں۔آسٹریلیائی کپتان ارون فنچ 23 میچوں کی 23 اننگز میں 51.86 کی اوسط سے 1141 رنز بنا چکے ہیں، انہوں نے 4 سنچریاں اور 6 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔ عثمان خواجہ 22 میچوں میں 1085 رنز بنا چکے ہیں، رواں سال 8 نصف سنچریاں اور دو سنچریاں بنا چکے ہیں۔ ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی 20 میچوں میں 1054 سکور بنا چکے ہیں، ان میچوں میں انہوں نے 3 سنچریاں اور6 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔ اس دوران ان کی اوسط 55.47 رہی۔ نیوزی لینڈ کے روز ٹیلر21 میچوںکی 20 اننگز میں 943 رنز بنا چکے ہیں، 55.47 کی اوسط کیساتھ زیادہ رنز بنانے والوں میں ساتویں نمبر پر ہیں اور انہوں نے 1 سنچری اور 7 نصف سنچریاں بنائیں۔