وندے ماترم پر بحث: پرینکا گاندھی کا حکومت پر انتخابی فائدہ اٹھانے کا الزام

,

   

نئی دہلی ۔8 ڈسمبر ۔ ( ایجنسیز) پارلیمنٹ میں قومی گیت ’وندے ماترم‘ کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی بحث کے دوران حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سخت لفظی کشیدگی دیکھنے میں آئی۔ بحث کا محور ترانے کی تاریخ، اس کی منظوری کے واقعات اور ماضی میں اٹھنے والے اختلافات تھے۔لوک سبھا میں وندے ماترم پر ہونے والی بحث نے آج سیاسی ماحول کو غیر معمولی طور پر گرم کر دیا جب کانگریس ایم پی پرینکا گاندھی وادرا نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت پر شدید تنقید کی۔ پرینکا نے کہا کہ موجودہ بحث کا مقصد ملک کے حقیقی مسائل سے عوام کو ہٹانا ہے اور یہ کہ وندے ماترم کا معاملہ آنے والے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات سے جوڑ کر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں بحث کی دو بڑی وجوہات ہیں, ایک یہ کہ بنگال انتخابات قریب ہیں اور دوسری, وزیر اعظم اپنی موجودگی کو نمایاں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔پرینکا گاندھی کا کہنا تھا کہ آزادی کی جدوجہد میں شامل رہنماؤں پر نیا نشانہ سادھ کر حکومت عوام کو اصل مسائل سے دور لے جانا چاہتی ہے۔ انہوں نے بی جے پی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ”آپ انتخابات کیلئے ہیں, ہم ملک کیلئے ہیں, چاہے کتنے ہی انتخابات ہم ہار جائیں, ہم آپ کی سوچ کا مقابلہ کرتے رہیں گے اور آپ ہمیں روک نہیں سکتے۔