ونپرتی سے کانگریس امیدوار چنا ریڈی نامزد

   

ونپرتی : 28 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس پارٹی ہائی کمان نے ونپرتی سے مقابلہ کیلئے سابق وزیر ڈاکٹر جی چنا ریڈی کو امیدوار منتخب کیا ۔ چنا ریڈی کو امیدوار منتخب کرنے پر ان کے حامیوں نے راجیو چوک پر آتشبازی اور مٹھائی تقسیم کرتے ہوئے جشن منایا لیکن دوسری طرف ونپرتی سے کانگریس پارٹی ٹکٹ کے اہم دعویدار میگا ریڈی کے حامیوں میں غم کی لہر دوڑ گئی اور چنا ریڈی کے امیدوار نامزد کرنے پر کانگریس پارٹی کے سینئر قائدین نے سخت مخالفت کی ۔ آج ونپرتی میں میگاریڈی کے حامیوں اور سینئر قائدین نے نامہ نگارو ں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چنا ریڈی 2018 انتخابات میں شکست کے بعد دوبارہ انتخابات میں حصہ نہیں لینے کا اعلان کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہائی کمان دوبارہ ونپرتی حلقہ کے امیدوار پر نظر ثانی کرتے ہوئے میگاریڈی کو منتخب کرنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ ونپرتی شروع سے کانگریس پارٹی کا قلعہ ہے اور یہاں سے میگا ریڈی کی کامیابی یقینی ہے اور عوام و نوجوان میگاریڈی کی کامیابی اور کانگریس پارٹی کو کامیاب کرنے کیلئے منتظر ہیں ۔ اگر ہائی کمان دوبارہ نظر ثانی نہیں کرتی ہے تو اس کا اثر متحدہ محبوب نگر کے 4 اسمبلی حلقوں پر پڑے گا ۔ ہائی کمان جلد سے جلد فیصلہ نہیں کرے گی تو کانگریس پارٹی سینئر قائدین اور میگا ریڈی کے حامیوں کا ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے آگے کا لائحہ عمل طئے کریں گے ۔ اس موقع پر سابق صدر ڈی سی سی شنکر پرساد ، سرینواس گوڑ ، ستیش ۔ کونسلرس برھمم ، وینکٹیش ، شنکر نائیک کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔