حلقہ اسمبلی میں مزید 1500 مکانات کی منظوری کا تیقن، ریاستی وزیر پرشانت ریڈی کا خطاب
ونپرتی : حلقہ اسمبلی ونپرتی کیلئے مزید 1500 ڈبل بیڈ روم مکانات وزیر زراعت نرنجن ریڈی کی نمائندگی پر منظور کئے جائیں گے۔ بہت جلد چیف منسٹر سے منظوری لے کر اس کا اعلان کیا جائے گا۔ بروز اتوار ونپرتی مستقر میں 95 کروڑ روپئے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا گیا۔ سب سے پہلے ایپا ہلی میں 8 کروڑ 48 لاکھ کی لاگت سے تعمیر کردہ 160 ڈبل بیڈ روم مکانات میں پہلے مرحلہ میں 24 مکانات کی چابیاں مستحقین کے حوالے کی گئیں۔ اس موقع پر پرشانت ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ صرف اور صرف وزیر نرنجن ریڈی کی وجہ سے ونپرتی ضلع کا قیام عمل میں آیا۔ ونپرتی میں مختلف ترقیاتی کام ہورہے ہیں اور آئندہ بھی ہوں گے۔ یہ سب نرنجن ریڈی کی وجہ سے ہے۔ نرنجن ریڈی کی نمائندگی پر چیف منسٹر نے ونپرتی میں سڑکوں کی توسیع اور سنٹرل لائٹنگ کے لئے 50 کروڑ روپئے فوری منظور کئے۔ ونپرتی حلقہ کی ترقی کے لئے نرنجن ریڈی دن رات محنت کررہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر زراعت نرنجن ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ حلقہ اسمبلی ونپرتی کے چٹپال، پداگوڑیم، اپیاپلی میں ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔ مزید 1500 مکانات کی کمی ہے۔ اس کو وزیر عمارات و شوارع منظور کریں تو ونپرتی حلقہ کے عوام کو راحت ملے گی۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ ناگر کرنول پی راملو، ضلع پریشد چیرمین لوکناتھ ریڈی، میونسپل چیرمین گٹو یادو، اڈیشنل کلکٹر وینو گوپال، ایم بی بی گجا ریڈی کے علاوہ کونسلرس اور عہدیداروں کی کثیر تعداد موجود تھے۔
