ماسکو۔ برازیل کی وینزویلا پر زبردست جیت کے ساتھ کوپا امریکہ فٹ بال ٹورنمنٹ 2021 کا شاندارآغاز ہوا ۔ برازیل میں کھیلے گئے اس ٹورنمنٹ کے افتتاحی میچ میں برازیل نے وینزویلا کے خلاف 3-0 سے جیت درج کرتے ہوئے کوپا امریکہ ٹورنمنٹ کے گروپ بی میں سبقت حاصل کرلی۔ برازیل اب17 جون کو پیرو سے مقابلہ کرے گا جبکہ وینزویلا کا سامنا کولمبیا سے ہوگا۔ خیال رہے کہ کوپا امریکہ فٹ بال ٹورنمنٹ پہلے ارجنٹینا اورکولمبیا میں کھیلا جانا تھا لیکن کورونا وبا کے سبب اسے ملتوی کردیا گیاتھا۔ ساؤتھ امریکن فٹ بال کنفیڈریشن نے ملک گیر مظاہروں کی وجہ سے کولمبیا کو مقابلے کی میزبانی کرنے کے خصوصی حقوق دینے سے انکارکردیا تھا۔ بعد میں ارجنٹینا بھی ملک بھر میں کورونا کی سنگین صورتحال کی وجہ سے میزبان ملک کی فہرست باہر ہوگیا تھا۔ اس سے قبل جون میں متعدد گروپوں نے کورونا خطرات کے پیش نظر برازیل میں مقابلہ روکنے کی اپیل کی تھی۔