ونیزویلا سے تیل نہ خریدے ،ہندوستان کو امریکہ کا مشورہ

,

   

واشنگٹن۔12مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ہندوستان سے اپیل کی کہ وہ ونیزویلا میں نکولس مادورو کی جارحانہ حکومت سے تیل کی خریداری ہرگز نہ کرے کیونکہ ایسا کرتے ہوئے ونیزویلا کی معاشی طور پر کمر توڑی جاسکتی ہے ۔ لہذا ہندوستان ونیزویلا کی ’’ معاشی لائف لائن بننے کی کوشش نہ کرے ‘‘ ۔ یاد رہے کہ اس وقت امریکہ ونیزویلا میں نکولس مادورو حکومت کی سخت خلاف ہے جبکہ کچھ ہفتہ جب اپوزیشن قائد جو آن گائیڈو نے ونیزویلا کے صدر ہونے کا اعلان کیا تھا تو امریکہ نے اس کی تائید بھی کی تھی لہذا اس تناظر میں مائیک پومپیو نے ہندوستان سے جو خواہش کی ہے کہ اس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ یہاں اس بات کاتذکرہ ضروری ہے کہ ونیمویلا ہندوستان کو تیل سربراہ کرنے والا تیسرا سب سے بڑا اور ہندوستان بھی تیل کے استعمال میں دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ملک ہے ۔ یہ موضوع دورہ پر آئے ہندوستانی معتمد خارجہ وجئے گوکھلے کیساتھ بھی زیر بحث رہا جس کی اطلاع امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اخباری نمائندوں کو بھی دی ۔ تاہم انہوں نے بات چیت کی تفصیلات نہیں بتائیں ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پومپیو نے کہا کہ ہم نے ہندوستان سے بھی وہی سوال کیا ہے جو دیگر ممالک سے کیا ہے کہ وہ ونیزویلا کی معیشت کی کمر توڑ سکتے ہیں بشرطیکہ وہ اس سے تیل نہ خریدیں ۔ علاوہ ازیں جو باتیں ہوئی ہیں انکا افشاء نہیں کیا جاسکتا کیونکہ وہ انتہائی خفیہ نوعیت کی ہیں ۔