چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی ریونت ریڈی سے ملاقات، تلنگانہ کی ترقی میں اشتراک کی پیشکش
حیدرآباد۔ 16 نومبر (سیاست نیوز) ون گروپ ایشیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر پھام سنت چاؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں پراجکٹ کے قیام اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے ریونت ریڈی کو ون گروپ کی کارکردگی اور توسیعی منصوبہ سے واقف کرایا اور کہا کہ وہ تلنگانہ میں الیکٹریک وہیکل مینوفیکچرنگ یونٹ اور بیٹری اسٹوریج سہولت کے آغاز میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے سولار اور ونڈ انرجی پراجکٹس میں بھی تلنگانہ حکومت کے ساتھ اشتراک کی پیشکش کی تاکہ کلین انرجی کے توسیعی منصوبہ کو کامیاب کیا جاسکے۔ ون گروپ ایشیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے بھارت فیوچر سٹی میں اپنی دلچسپی ظاہر کی اور ریاست کی ترقی سے متعلق چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ویژن کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ون گروپ حکومت کے ترقیاتی منصوبہ میں تعاون کیلئے تیار ہے۔ چیف منسٹر نے پھام سنت چاؤ اور ون گروپ کے چیرمین پھام ناتھ ووگ کو تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ 2025 میں شرکت کی دعوت دی جو 8 اور 9 ڈسمبر کو حیدرآباد میں منعقد ہوگا۔ ملاقات کے موقع پر سکریٹری انڈسٹریز بی اجیت ریڈی، اسپیشل چیف سکریٹری برائے چیف منسٹر سنجے کمار، سکریٹری پراجکٹس ڈاکٹر گورو اپل اور دیگر موجود تھے۔ 1