ووٹرس کو نوٹس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں

   

مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ BLO سے رجوع ہوں : میونسپل کمشنر

سنگاریڈی ۔ 5ستمبر ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگا ریڈی میں SIR کے سلسلہ میں ضروری دستاویزات پیش کرنے کے لیے بعض افراد کو جاری کردہ نوٹس کے باعث شہریوں میں پائی جانے والی بے چینی کے پیش نظر محمد مختار حسین نے میونسپل کمشنر سنگاریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے اس معاملہ پر تفصیلی گفتگو کی ۔ میونسپل کمشنر نے واضح کیا کہ SIR نوٹس موصول ہونے والے افراد کو کسی قسم کی پریشانی یا گھبراہٹ میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ نوٹس کے جواب میں طلب کردہ دستاویزات کے ساتھ متعلقہ BLO سے رجوع کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نوٹس میں درج تاریخ کو لے کر بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ ایک ہی دن میں تمام افراد کی فہرست اور دستاویزات کی تکمیل مشکل امر ہے۔ ضرورت پڑنے پر آئندہ تاریخ دی جاسکتی ہے اور تاریخ میں توسیع کا بھی امکان ہے۔نوٹس موصول ہونے والے افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ دسویں جماعت کے میمو، بینک پاس بک، راشن کارڈ اور پاسپورٹ کی زیراکس نقول اپنے ساتھ رکھیں اور متعلقہ BLO سے رابطہ کریں۔مزید معلومات کے لیے 8341776348 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔اس موقع پر محمد مختار حسین کے ہمراہ محمد عبدالمجیب، سیکریٹری AITA، اعلیٰ صفران، APCR، اشرف حسین، محمد زبیر، MPJ، ڈاکٹر فرقان، عزیز اور دیگر افراد موجود تھے۔دریں اثنا مولانا شاہ محمد مبین احمد، سید اعظم اور عبد المنان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ SIR نوٹس کے معاملہ میں کسی قسم کی بے چینی کا شکار نہ ہوں اور ضروری دستاویزات کے ساتھ متعلقہ حکام سے رجوع کرتے ہوئے مطلوبہ کارروائی مکمل کریں۔