ووٹرشناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کا اعلامیہ جاری

   

انتخابی دھاندلیوں کو روکنے کی سمت بڑا اقدام، سال میں چار مرتبہ ووٹر لسٹ میں ناموں کا اندراج
حیدرآباد ۔ 18 جون (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے انتخابی دھاندلیوں کی روک تھام کیلئے ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار کارڈ سے مربوط کرنے کا فیصلہ کیا تھا اس کا جائزہ لیا گیا عوام اور سیاسی جماعتوں کی رائے اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر اس کی تکمیل کیلئے اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔ اس کے علاوہ مزید تین نوٹیفکیشن جاری کئے گئے جن میں صنفی غیرجانبداری کے علاوہ سال میں چار مرتبہ ووٹر لسٹ میں ناموںکا اندراج کرانے کی اجازت دی گئی ہے۔ ہندوستان بھر میں انتخابی بے قاعدگیوں کی سینکڑوں شکایت ہیں۔ فہرست رائے دہندگان میں فرضی ناموں کے اندراج سے بوگس رائے دہی تک کئی شکایتیں ہیں۔ ساتھ ہی رائے دہندے کے پولنگ بوتھ پہنچنے سے قبل ووٹ ڈال دینے کی شکایتیں بھی ہیں جس کے خلاف سیاسی جماعتیں اور عوام جب بھی رائے دہی ہوتی ہے، دھاندلیوں کی شکایت کرتے ہیں اور ایک طویل عرصہ سے ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے جوڑنے کا الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا جارہا ہے۔ اس کی روک تھام کیلئے ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ وزیرقانون کرن رجیجو نے کہا کہ انتخابی عمل کو شفاف اور جامع بنانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سرویس ووٹر رجسٹریشن منفی غیرجانبداری کی اجازت دی گئی ہے۔ سال میں ایک مرتبہ ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کی سہولت کو توسیع کرتے ہوئے سال میں چار مرتبہ ناموں کا اندراج کرنے کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب یکم ؍ جنوری، یکم ؍ جولائی اور یکم ؍ اکٹوبر کو فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے اندراج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ گذشتہ سال پارلیمنٹ میں منظور کردہ انتخابی ترمیمی قوانین 2021ء کے تحت یہ نوٹیفکیشن جاری کئے گئے ہیں۔ مرکزی وزیر کرن رجیجو نے اسے انتخابی عمل میں آنے والی اصلاحات کی طرف مودی حکومت کی جانب سے اٹھایا گیا ایک تاریخی قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوٹیفکیشن کی اجرائی سے قبل الیکشن کمیشن سے مشورہ کیا گیا انہوں نے مزید کہا کہ سرویس ووٹرس کے کالم سے لفظ بیوی، شوہر کو ہٹا کر لفظ زندگی کا حصہ دار کا اضافہ کیا گیا ہے۔ دوردراز خدمات انجام دینے والے فوجیوں کے ارکان خاندان اور بیرونی ممالک کے سفارتخانوں میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کے ارکان خاندان کو سرویس ووٹرس کی حیثیت سے شمار کیا جائے گا۔ن