ووٹرفارمس کے ڈیجٹلائزیشن میں لاپرواہی پر 4 ای آر اوز کو نوٹس

   

حیدرآباد ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر آر وی کرنن کا اچانک معائنہ اور سخت کارروائی کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 11 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر آر وی کرنن نے ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) مہم کے تحت جاری ڈیجٹلائزیشن کے عمل میں شدید سست روی اور لاپرواہی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے چلکل گوڑہ حدود میں واقع ایک پولنگ اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا اور زمینی صورتحال کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ڈیٹا انٹری کی دھیمی رفتار پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کام میں تیزی لانے کے عہدیداروں کو سخت ترین احکامات جاری کئے۔ آر وی کرنن نے حیدرآباد کے اہم ترین اسمبلی حلقوں صنعت نگر، مشیرآباد، سکندرآباد اور سکندرآباد کنٹونمنٹ میں اینومریشن فارمس کی آن لائن رجسٹریشن (ڈیجٹلائزیشن) کی ناقص پیشرفت پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کام میں لاپرواہی برتنے پر ان اسمبلی حلقوں کے متعلقہ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس (EROs) کو فوری طور پر وجہ نمائی نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ حیدرآباد ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے دوٹوک الفاظ میں وارننگ دی کہ اگر آنے والے دنوں میں کارکردگی میں فوری سدھار نہ آیا تو متعلقہ عہدیداروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ معائنے کے دوران آر وی کرنن نے فیلڈ عملے کو کام کا نیا ہدف دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ہر بوتھ لیول آفیسر لازمی طور پر روزانہ 100 اینومریشن فارمس کو ایپ میں ڈیجٹلائز کرے جبکہ بوتھ لیول سوپروائزرس روزانہ 1000 فارمس جمع کرنے کی نگرانی کرے۔ ووٹر لسٹوں کو فرضی ناموں سے پاک کرنے کیلئے انہوں نے عہدیداروں کو خصوصی ہدایت کی کہ جو رائے دہندگان وفات پاچکے ہیں ان کے ناموں کو فہرست سے حذف کرنے کیلئے فوری طور پر ان کے ڈیٹھ سرٹیفکیٹ جمع کئے جائیں۔ بعدازاں انہوں نے تمام (EROs) کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ بھی منعقد کی تاکہ ڈیجٹلائزیشن کے عمل کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جاسکے۔2/a/b