بنگلہ دیشی درانداز کے الزام میں گرفتار محمد ملّا اور سیف اللہ کے کیس پر بامبے کورٹ کی رولنگ
ممبئی 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بامبے عدالت نے رولنگ دیتے ہوئے کہاکہ پاسپورٹ اور ووٹر آئی ڈی کارڈس رکھنا ہی شہریت کے لئے معقول ثبوت ہے۔ مجسٹریٹ کورٹ نے باپ اور بیٹے کو بری کردیا۔ اِن پر الزام تھا کہ وہ بنگلہ دیش سے ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہوئے ہیں۔ 57 سالہ محمد مُلّا اور 23 سالہ سیف اللہ کو پولیس نے 2017 ء میں گرفتار کیا تھا اور انھیں بنگلہ دیشی درانداز قرار دیا تھا۔ یہ دونوں ممبئی کے شیواجی نگر میں رہتے ہیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ دونوں بنگلہ دیشی زبان میں بات کرتے ہیں۔ انھوں نے ہندوستانی شہری ہونے کے ثبوت میں کارآمد دستاویزات پیش نہیں کرسکے لیکن دونوں نے اپنا ہندوستانی پاسپورٹ اور ووٹر آئی ڈی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے کہاکہ پاسپورٹ ہی شہریت ثابت کرنے کا کارآمد ثبوت ہے۔ اِس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ دیگر دستاویزات جیسے راشن کارڈ، آدھار کارڈ اور دیگر شناختی کارڈس شہریت ثابت کرنے کے لئے کافی نہیں ہیں۔ جبکہ آدھار کارڈ کو شہریت کے ثبوت کے طور پر پیش نہیں کیا جاسکتا۔ راشن کارڈ صرف انسانیت کی بنیاد پر جاری کیا جاتا ہے۔ محمد مُلّا کے حق میں رولنگ دیتے ہوئے عدالت نے کہاکہ پولیس نے ایسا کوئی ثبوت پیش نہیں کیاکہ ان دونوں کے دستاویزات جعلی ہیں۔