عہدیداروں کو خصوصی توجہ دینے کلکٹر کی ہدایت، شعور بیداری پر زور
جگتیال۔ جگتیال ضلع کلکٹر جی روی نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے اندراج کے خصوصی پروگرام کا موثر انداز میں انعقاد عمل میں لایا جائے۔انھوں نے اپنے دفتر سے آر ڈی اوس، تحصیلداروں اور الیکشن ڈپٹی تحصیلداران اور سپرنٹنڈنٹ کے ساتھ محکمہ روینو سے متعلقہ امور پر زوم ویبنار کے ذریعہ ویڈیو کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ضلع میں مواضعات، منڈلوں کے مطابق بنیادی سطح سے عہدیدار معائنہ کرتے ہوئے وفات پانے والے رائے دہندوں کی نشاندہی کرتے ہوئے فہرست رائے دہی سے ان کے نام نکال دیئے جائیں۔دیگر مقامات کو نقل مکانی کرنے والے افراد کے نام نکالنے سے قبل متعلقین سے دریافت کرتے ہوئے نوٹس جاری کریں ،اور ایک ہفتہ کی مدت کے اختتام کے بعد نام خارج کردیا جائے۔فہرست رائے دہی میں غلط تصاویر اپ لوڈ ہونے پر انھیں نکالدیا جائے۔گروڈا ، ووٹر ہیلپ لائن ایپ کی ڈاؤن لوڈنگ سے متعلق بی ایل اوس میں شعور بیداری کریں اور ایپ کے استعمال سے متعلق انھیں تربیت دی جائے۔ایپک کارڈ کو ڈاؤن لوڈ کرلیں۔ نئے نام کے اندراج کیلئے داخل کردہ فارم کا بغور جائزہ لیں۔اسپیشل سمری رویڑن سے متعلق دیئے جانے والے احکامات کی تعمیل کی جائے۔
