اسمبلی الیکشن سے قبل قطعی فہرست کی تیاری، ضلع الیکشن آفیسر رونالڈ راس کا بیان
حیدرآباد ۔10۔ اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر اور کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں اور دیگر تفصیلات کی جانچ کرلیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دینے سے قبل جانچ مکمل کرلیں تاکہ فہرست میں درست معلومات شامل ہوں۔ رونالڈ راس نے کہا کہ اسمبلی کے مجوزہ انتخابات کے لئے نقائص سے پاک فہرست رائے دہندگان کی تیاری کا کام جاری ہے ۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے مطابق الیکشن کمیشن نے ریاست بھر میں فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کی دوسری خصوصی مہم شروع کی ہے جس کے تحت ناموں میں کسی بھی غلطی یا مکان نمبر ، تاریخ پیدائش ، موبائل نمبر اور فوٹو میں کسی بھی خامی یا غلطی کو درست کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ویب سائیٹ پر آن لائین جانچ کی جاسکتی ہے ۔ ووٹ ہیلپ لائین ایپ کے ذریعہ بھی یہ سہولت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیلپ لائین نمبر 1950 سے ربط قائم کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات جاریہ سال کے اواخر میں مقرر ہیں۔ 2018 ء اسمبلی انتخابات میں اس وقت کی ٹی آر ایس کو 119 کے منجملہ 88 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ کانگریس کو 19 اور مجلس کو 7 نشستوں پر کامیابی ملی تھی۔ بی جے پی کو صرف گوشہ محل کی نشست پر کامیابی حاصل ہوئی تاہم بعد میں دو ضمنی انتخابات میں بی جے پی نے کامیابی حاصل کی ۔
