سیلابی صورتحال سے عوام پریشان
بی آر ایس کے وفد کی الیکشن کمیشن سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے ریاست میں شدید بارش اور سیلاب کے پیش نظر گرام پنچایت اور مقامی اداروں کے انتخابات کے لیے ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کرنے کے لیے جاری کردہ شیڈول کو ملتوی کرنے اور حالات معمول پر آنے کے بعد نیا شیڈول جاری کرنے کا الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ۔ بی آر ایس کے قائدین راکیش کمار ، وینوگوپال ، للیتا ریڈی کے علاوہ دوسروں نے حیدرآباد میں الیکشن کمیشن کے جوائنٹ سکریٹری سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی کی تحریری یادداشت پیش کی ۔ کے ٹی آر نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے مختلف مقامات پر بارش اور سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے ۔ فصلوں کو نقصان پہونچا ہے ۔ مکانات کو مستقل اور عارضی نقصان پہونچا ہے ۔ نشیبی علاقوں میں مکانات آج بھی پانی میں محصور ہیں ۔ سڑکوں پر بڑے پیمانے پر نقصان پہونچا ہے ۔ آمد و رفت میں مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ عوام پریشان ہیں ۔ ایسے موقع پر عوام کو فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کے لیے طلب کرنا مناسب نہیں ہے ۔ الیکشن کمیشن اس مسئلہ پر ہمدردانہ غور کریں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر تیار کی جانے والی ووٹر لسٹ پر بی آر ایس پارٹی کو شکوک و شبہات ہیں ۔ حکومت انتخابات میں کامیابی کے لیے کچھ بھی کرسکتی ہے ۔ بی آر ایس کے حامی ووٹرس کو فہرست سے نکال دینے کے امکانات ہیں ۔ لہذا بی آر ایس پارٹی ووٹر لسٹ میں نظر ثانی کے عمل کو ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن سے مطالبہ کررہی ہے ۔۔ 2