ووٹر لسٹ کی تیاری کیلئے عہدیداروں کا تربیتی پروگرام

   

عوامی شعور بیداری پر زور ، ضلع کلکٹر کے سری ہری اور دیگر اعلی عہدیداروں کا خطاب

نارائن پیٹ /19 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ ضلع کلکٹریٹ کے میٹنگ ہال میں فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت اور ترمیم کے سلسلے میں متعلقہ عہدیداروں و ملازمین کے تربیتی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس اجلاس میں ضلع کے اسمبلی حلقوں کے سطح پر دوسرے مرحلے کے اقدامات کے بارے میں تفصیلات سے واقف کروایا گیا ۔ اس تربیتی پروگرام کو ضلع ماسٹر ٹرینرز اور اسسٹنٹ الیکٹرولر افسران نے مخاطب کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلہ میں نظرثانی 23-20 فہرست رائے دہندگان کی تیاری عمل میںلائی جائیں گی ۔ اگر کوئی اصلاح کی ضرورت پڑے تو درست ثبوت کے مطابق ناموں کی تصحیح کی جائے گی ۔ 18 سال مکمل کرنے والے ہر شخص کو بطور رائے دہندہ رجسٹر کرلیا جائے گا ۔ مرنے والے کے نام ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر حذف کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ لیول کے عہدیداروں کو اپنے تفویض کردہ علاقوں سے متعلق حقیقی معاملات کے ذریعہ فیلڈ سطح کی معلومات کو اکٹھا کرکے ووٹرلسٹ کو اپ ڈیٹ کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کیلئے عوامی شعور بیداری کیلئے پروگرام منعقد کئے جائیں ۔ ضلع کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر کویا سری ہرشا (آئی اے ایس ) نے بھی اس تربیتی پروگرام میں شرکت کی اور کہا کہ ناموں کے اندراج اور تصحیح ، حذف و اضافہ کیلئے فارموں کی خانہ پری کے بعد متعلقہ صداقت ناموں کی جانچ کے بعد اقدامات کئے جائیں ۔ بصورت دیگر کسی بھی درجہ کا آفیسر ہو تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ اس پروگرام میں ایڈیشنل کلکٹرمسٹر میانک متل ، آر ڈی او مسٹر رامچندر نائیک الیکشن ڈپارٹمنٹ کا عملہ و دیگر عہدیدار و ملازمین نے شرکت کی ۔