ووٹ نہ دینے پر سرکاری مراعات سے محروم کرنے کی تجویز

   

کمشنر پولیس سائبر آباد وی سی سجنار کا بیان ۔ عوام میں احساس ذمہ داری کے فقدان پر تشویش
حیدرآباد :۔ رائے دہی کے فیصد میں کمی پر کمشنر پولیس سائبر آباد سجنار نے سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے تجویز پیش کی کہ ووٹ دینے اور نہ دینے والوں کے درمیان فرق کرنے کا وقت آچکا ہے ۔ رائے دہی میں حصہ لینے والوں کو مختلف مراعات دی جائیں تاکہ دوسروں کو آئندہ ترغیب ہوسکے۔ ایک پولیس عہدیدار ہونے کے باوجود سجنار نے جمہوری نظام کے تحفظ سے اپنی غیر معمولی دلچسپی کا کھل کر اظہار کیا ۔ عام طور پر پولیس عہدیدار انتخابات اور رائے دہی سے جڑے معاملت پر تبصرہ سے گریز کرتے ہیں ۔ لیکن کمشنر سائبر آباد نے سیاسی جماعتوں اور دانشور طبقہ کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے نفاذ کو 70 سال مکمل ہوچکے ہیں ۔ لیکن آج تک دستوری حق رائے دہی کے سلسلہ میں عوام کو ذمہ داری کا احساس دلانے میں سماج ناکام ہوچکا ہے ۔ سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کو اس مسئلہ کا جائزہ لینا ہوگا ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد آج شام رائے دہی کے اختتام کے بعد میڈیا سے مخاطب تھے ۔ انہوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے بعد سائبر آباد پولیس کمشنریٹ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔ تینوں زونس میں رائے دہی اور اس کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ رائے دہی کے رجحان اور فیصد میں کمی پر کمشنر پولیس وی سی سجنار نے افسوس ظاہر کیا اور اپنے طور پر تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن ، اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ وہ سیاسی قائدین کو ساتھ لے کر ایک کمیٹی تشکیل دے اور رائے دہی کے متعلق اقدامات پر غور کرے ۔ انہوں نے کہا کہ کروڑہا روپئے عوامی املاک کے سرقہ سے انتخابات منعقد کئے جاتے ہیں اور جمہوریت کا یہ انتہائی اہم ترین عمل ہے اور اس سے شہریوں کی عدم دلچسپی نہایت ہی افسوس ناک بات ہے ۔ انہوں نے نوجوان نسل کو ترغیب دینے کے لیے سرکاری اسکیمات اور خصوصی مراعات کے لیے رائے دہی کے استعمال کو صداقت کو لازمی کرنے کی بھی تجویز دی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سائبر آباد میں کشیدگی اور جھڑپوں کے چند واقعات کے باوجود رائے دہی بہ حیثیت مجموعی پرامن رہی اور رائے دہی کا فیصد 42 فیصد ریکارڈ کیا گیا ۔۔