’ویاناڈ سے انتخاب کے باوجود امیٹھی نہیں چھوڑوں گا‘

,

   

شکست کیلئے مقامی قائدین ذمہ دار : راہول گاندھی ۔ ٹوئیٹر پر کانگریس لیڈر کے 10 ملین فالورس

امیٹھی ۔ 10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے اپنے حلقہ لوک سبھا امیٹھی سے شکست کے بعد چہارشنبہ کو پہلی مرتبہ دورہ کیا۔ اپنی شکست کیلئے انہوں نے مقامی قائدین کو ذمہ دار قرار دیا اور تیقن دیا کہ وہ یہ حلقہ نہیں چھوڑیں گے۔ کانگریس لیڈر کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی ہے جس کی عکاسی ٹوئیٹر پر ان کے چاہنے والوں کی تعداد سے ہوتی ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ٹوئیٹر راہول کے فالورس کی تعداد 10 ملین ہوچکی ہے۔ اترپردیش یوتھ کانگریس کے سابق صدر ندیم اشرف جائسی نے ایک اجلاس میں راہول گاندھی کے حوالے سے کہا کہ ’’میں (راہول گاندھی) امیٹھی نہیں چھوڑوں گا۔ یہ میرا گھر اور میرا خاندان ہے‘‘۔ راہول گاندھی نے اپنی پارٹی کے کارکنوں سے کہا کہ ’’امیٹھی کی ترقی متاثر نہیں ہوگی۔ میں ویاناڈ سے (منتخب) رکن پارلیمنٹ ضرور ہوں لیکن امیٹھی سے میرے تعلقات تین دہائیوں پرانے ہیں۔ میں دہلی میں رہتے ہوئے امیٹھی کیلئے لڑوں گا‘‘۔ واضح رہیکہ حیرت انگیز انتخابی نتائج میں مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے راہول گاندھی کو ان کے طاقتور سیاسی گڑھ سمجھے جانے والے اس حلقہ میں زائد از 52,000 ووٹوں سے شکست دی تھی۔ وہ 1999ء سے اس حلقہ سے مسلسل کامیاب ہورہے تھے۔ ضلع کانگریس کمیٹی کے ایک رکن نریندر مشرا نے کہا کہ راہول گاندھی نے پارٹی کارکنوں کی سخت محنت کی ستائش کی۔ مقامی کانگریس قائدین نے راہول گاندھی سے درخواست کی کہ وہ کانگریس کی صدارت سے اپنا استعفیٰ واپس لیں۔