ویاپم گھپلے کے ملزموں کو سزادلوانے کے لیے ڈگ وجئے کا خط کمل ناتھ کے نام

   

بھوپال22جولائی(سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ ڈگ وجئے سنگھ نے ویاپم گھپلے کے اہم ملزموں کو قانون کے دائرے میں لاکرسزادلوانے کے لیے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کو خط لکھا ہے ۔ خط میں انہوں نے وزیر اعلیٰ سے گزارش کی ہے کہ وہ ویاپم گھپلے کے معاملے میں بے گناہ طلبہ و طالبات کو انصاف دلانے اور ان کے مستقبل کی حفاظت کے لیے مناسب فیصلہ کریں۔ خط میں الزام عائد کیاگیاہے کہ اس وقت کی حکومت نے اہم ملزموں کو بچانے کے لیے طلبہ کو ڈھال بنایا۔ وہیں امیدواروں کے ساتھ اہل خانہ کو بھی ملزم بنا دیا گیا۔ مسٹر سنگھ نے کہا ہے کہ انتظامیہ کو اس معاملے میں کئی اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کئی مشورے دیتے ہوئے کہا کہ ان افراد کو جن کا انتخاب بھی نہیں ہوا ہے پھر بھی ملزم بنا دیا گیا ہے ۔ ان کے خلاف رپورٹ واپس لے لیے جائیں۔