بنگلورو: کرناٹک کے داونگیرے نیامتی ایس بی آئی بنک ڈکیتی کیس میں 6 ماہ بعد پولیس کو کامیابی ملی ہے۔ داونگیرے پولیس نے چھ ماہ بعد اس کیس کا پردہ فاش کیا اور13کروڑ روپے مالیت کا 17 کلو سونا ضبط کیا۔ یہ چوری 28 اکتوبر 2024 کو نیامتی قصبہ کے ایس بی آئی بنک سے ہوئی تھی۔ چوروں کی تلاش میں مصروف پولیس نے بڑے پیمانے پرکارروائی شروع کی اور چوروں کے گروہ کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی۔پولیس نے بتایا کہ وجے، 30 سالہ، جو تمل ناڈو کا رہنے والا ہے اور اس وقت تمل ناڈوکے مدورائی میں رہ رہا ہے، اور اس کے بھائی اجے 28 سالہ، نے ڈکیتی کی منصوبہ بندی کی۔ پولیس کے بموجب چوروں کی جانب سے یہ پہلی ڈکیتی تھی۔ چوروں کی یہ پہلی ڈکیتی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ ان ملزمان نے بیکری کا کاروبار شروع کرنے کے لیے بینک سے قرض کی درخواست دی تھی۔ تاہم وجے کی درخواست اس کے کم کریڈٹ اسکور کی وجہ سے مسترد کردی گئی۔قرض منظور نہ ہونے سے مایوس وجے کمار نے ایک ویب سیریز دیکھنے کے بعد بینک ڈکیتی کا منصوبہ بناکر یہ گینگ تشکیل دیا۔ پولیس نے کہا کہ نیٹ فلکس کی منی ہیسٹ نے اسے متاثرکیا۔ ڈکیتی کے لیے تقریباً 4 کلومیٹر دور سے پیدل آنے والا ملزم بینک کا مین گیٹ توڑکر اندر داخل ہوا۔ ملزمان نے گیس کٹرکا استعمال کرتے ہوئے الماریوں کو کاٹ دیا جس میں زیورات رکھے گئے تھے اور17 کلو زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔ملزموں کی گرفتاری کے بعد یہ مقدمہ حل کیا گیا ہے ۔