ویراٹ کوہلی سے اسمتھ بہتر بیٹسمین :لانگر

   

ایجبسٹن۔8 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) پہلے ایشیز ٹسٹ میں آسٹریلیا کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے اسٹیون اسمتھ کو آسٹریلیا کے کوچ جسٹن لانگر نے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی سے بہتر بیٹسمین قرار دیا ہے ۔ آسٹریلیا نے انگلینڈ سے پہلے ایشیز ٹسٹ میں 251 رنز سے کامیابی حاصل کی ہے۔اسمتھ نے میچ کی دونوں اننگز میں سنچریاں 144 اور 142 رنز کی شکل میں بنائے۔آسٹریلیا ایک وقت پہلی اننگز میں اپنے آٹھ وکٹ 122 رن پر گنوا چکا تھا لیکن اسمتھ کی کرشماتی کارکردگی سے آسٹریلیا نے شاندار واپسی کرتے ہوئے آخری دن یہ مقابلہ جیت لیا۔اسمتھ کے اس مظاہرے سے مسرور آسٹریلیائی کوچ لانگر نے اپنے سابق کپتان اسمتھ کو ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی سے بہتر بیٹسمین قراردیا۔ا سمتھ کی تعریف کرتے ہوئے لانگر نے کہاکہ جب ٹیم مشکل میں ہو تو ا سمتھ سے بہتر بیٹسمین دنیا میں اورکوئی نہیں۔ وہ دنیا میں بولروں کے لیے سب سے بڑے سر درد ہیں۔ ایجبسٹن کی پچ میں اچھال تھی اور اسپنروں کو بھی کافی مدد مل رہی تھی لیکن ایسی پچ پرا سمتھ نے کمال کی دو اننگز کھیلیں اور ایجبسٹن میدان پر آسٹریلیا کو 2001 کے بعد پہلی ٹسٹ کامیابی دلا دی۔اپنی اس کارکردگی سے ا سمتھ ٹسٹ درجہ بندی میں چوتھے سے تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔لانگر نے کہاکہ میں نے گزشتہ موسم گرما میں کہا تھا کہ کوہلی موجودہ وقت کے بہترین کھلاڑی ہیں لیکن ان کی اننگز کو دیکھنے کے بعد میرا خیال ہے کہ اسمتھ کی سطح کہیں زیادہ بلند ہے۔ ان کے پاس زبردست مہارت ہے اور وہ مشکل حالات میں بڑی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے جس طرح کے دباو میں یہ اننگز کھیلی وہ انہیں عظیم بیٹسمینوںکی فہرست میں لاکھڑا کرتی ہے۔ موجودہ وقت میں اسمتھ کا بیٹنگ اوسط 62.96 تک پہنچ گیا ہے جو کم از کم 50 اننگز کھیلنے والے بیٹسمینوں میں سر ڈان بریڈمین کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔بریڈمین کا اوسط 99.94 تھا۔