شملہ۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پارٹی کیلئے الجھن آمیز تبدیلی میں اس کے سینئر لیڈر اور سابق چیف منسٹر ہماچل پردیش ویربھدرا سنگھ نے آج کہا کہ وہ ایودھیا میں اسی مقام پر جہاں بابری مسجد کھڑی تھی، وہاں رام مندر کی تعمیر کے حق میں ہیں۔ یہاں اپنی قیام گاہ پر نیوز ایجنسی پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے سینئر لیڈر نے یہ بھی کہا کہ اسلام ، ہندوستان کو بعد میں آیا ۔مسجد ایودھیا میں مندر کو منہدم کرنے کے بعد ہی تعمیر کی گئی ۔ ایودھیا بھگوان رام کا دارالحکومت تھا جب آپ نے یہ قدم (بابری مسجد کا انہدام) اٹھایا تھا تو پھر مندر کی تعمیر بھی ہونی چاہئے۔ سابق چیف منسٹر نے بی جے پی پر الزام بھی عائد کیا کہ اس کے پاس مندر کی تعمیر کیلئے درکار حوصلہ و ہمت کا فقدان ہے۔
