ویسٹ انڈیز کو ونڈے سیریز میں شکست

   

دبئی۔12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان وویمنس ٹیم نے بولروں کی عمدہ کارکردگی اور سدرہ امین کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیزکو فیصلہ کن ونڈے میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میںکھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ونڈے میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ایک رنز پر کائشیا نائٹ کی وکٹ گرنے کے بعد دیندرا ڈوٹن نے کپتان اسٹیفنی ٹیلر کے ہمراہ مل کر اسکور کو 35 تک پہنچایا جس میں ڈوٹن کا حصہ 28رنز کا رہا لیکن اسی اسکور پر رن آؤٹ ہو کر ڈوٹن پویلین لوٹ گئیں۔ نصف سنچری بنانے والی ویسٹ انڈین کپتان ٹیلر اور شمین کیمبل نے 52رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور 87 تک پہنچایا ہی تھا کہ کیمبل کی 26 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔ اس کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 159 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی، اسٹیفنی ٹیلر نے 52 اور فلیچر نے 23رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ اور نشرہ سندھو نے فی کس تین وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں سدرہ امین اورناہیدہ خان نے پاکستان کو 32 رنز کا مثبت آغاز فراہم کیا ۔سدرہ نے جویریہ خان کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 44رنز جوڑے جس کے بعد جویریہ خان 24 رنز بنانے کے بعد ٹیلر کو وکٹ دے بیٹھیں جبکہ کپتان بسمہ معروف بھی 5رنز بنا سکیں۔ ثنا میر اور کائنات مرزا نے بغیر کسی نقصان کے ہدف تک رسائی حاصل کر کے پاکستان کو میچ میں 4وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرادیا۔
اس میچ میں فتح کی بدولت سیریز کا پہلا میچ ہارنے والی پاکستانی وومن ٹیم نے تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ سدرہ امین کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔