جائے واقعہ پر دلخراش مناظر ، ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر کا دورہ، کے ٹی آر کا بھی اظہار افسوس
ویملواڑہ۔/28 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) راجنا سرسلہ ضلع کے ویملواڑہ میں ایک خانگی اسکول بس اس وقت حادثہ کا شکار ہوگئی جب اسکولی بچے دوپہر کا کھانا کھانے کیلئے اسکول بس کے ذریعہ ہاسٹل جارہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ دوپہر 12 اور ساڑھے بارہ بجے کے درمیان ویملواڑہ میں بس ڈپو کے قریب پیش آیا۔ جس میں دو طالبات برسر موقع ہلاک ہوگئیں جبکہ تیسرا طالب علم علاج کے دوران دواخانہ میں جانبر نہ ہوسکا۔ تفصیلات کے مطابق خانگی اسکول کی بس میں 20 تا25 اسکولی بچے سوار تھے تیز رفتاری کے ساتھ سڑک ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے اُلٹ گئی جس کی وجہ سے بس میں سوار دسویں جماعت کی دو طالبات دیکشتا اور میشوا برسر موقع ہلاک ہوگئیں۔ مابقی بچوں کو زخمی حالت میں سرسلہ ایریا ہاسپٹل روانہ کیا گیا جہاں ایک طالب علم دیشت فوت ہوگیا۔ حادثہ کے فوری بعد اسکول بس میں سوار بچے جو زخمی حالت میں دیکھے گئے سکتہ طاری ہوگیا اور ساتھی طالب علم کی موت پر صدمہ سے دوچار دیکھے گئے۔ حادثہ کے فوری بعد ضلع ایس پی سرسلہ بی کے راہول ہیگڈے نے مقام حادثہ پہنچ کر تفصیلات حاصل کی جبکہ ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر بھی وہاں پہنچ گئے۔ واقعہ کے سبب عوام کی بڑی تعداد نے اسکول انتظامیہ کے خلاف نعرے بلند کئے اور وہاں موجود ڈی سی او پر برس پڑے جس پر ڈی سی او نے اسکول انتظامیہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسکول کو مہر بند کرنے کا اعلان کیا۔ واقعہ پر ٹی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ و رکن اسمبلی سرسلہ ۔ ویملواڑہ کے ٹی آر، رمیش بابو نے اس واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ڈاکٹروں کو بہتر علاج کرنے کی ہدایت دی۔
