ویمنس ٹسٹ:انگلینڈ کیخلاف ہندوستان کی تاریخی جیت

   

میزبانوں کی 347 رن سے کامیابی ۔ دپتی شرما کو جملہ 9 وکٹیں ۔ انگلش بیاٹرز ناکام

ممبئی: دپتی شرما (39 رن پر9 وکٹ) کی جارح گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے ویمنس ٹسٹ میں میچ کے تیسرے دن آج ہفتہ کو انگلینڈ کے خلاف 347رن کی تاریخی جیت حاصل کی۔پہلی اننگز میں 136 رن پر انگلینڈ کو سمیٹنے میں اہم کردار ادا کرنے والی دپتی نے دوسری اننگز میں بھی 32 رن دے کر چار وکٹ حاصل کیے جبکہ پوجا وستراکر نے تین وکٹ لئے۔ ہندوستان نے 428 اور 186/6d اسکور کئے جبکہ انگلینڈ پہلی اننگز میں 136 پر آل آؤٹ ہونے سے میزبانوں کو 292 رن کی زبردست سبقت حاصل ہوئی تھی۔ چنانچہ انھوں نے اپنی دوسری اننگز ڈیکلیر کرتے ہوئے مہمانوں کو بڑا ٹارگٹ دیا۔ 479 رنوں کے ہدف کو پار کرنے اتری انگلینڈ نے تیز شروعات کی۔ سلامی بلے باز سوفیا ڈنکلے اور ٹیمی بیومونٹ نے چوکوں کی جھڑی لگا دی۔اس دوران وستراکر کو گیند پکڑائی جنہوں نے جلدی جلدی تین وکٹ لے کر انگلینڈ کو مشکل میں ڈال دیا اور انگلینڈ کا اسکور 68/4 ہوگیا۔ انہوں نے سب سے پہلے ڈنکل کو 15 رن پر گلی میں ہرنیل دیول کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اگلی ہی گیند پر انہوں نے نٹ سائیور برنٹ کا وکٹ اڑادیا۔ پھر بڑی بیاٹر ہیدر نائٹ کو 21 رن کے نجی اسکور پر یاستکا بھاٹیا کے ہاتھوں کیچ کرایا۔کپتان ہرمن پریت کور دپتی کو لے کر آئیں جنہوں نے پہلی اننگز میں 5/7کی شاندار گیندبازی کی تھی جو انگلینڈ کی شکست کا باعث بنا۔ انہوں نے ڈینیل ویاٹ کو 12رن پر راجیشوری گائیکواڑ کے ہاتھوں سلپ میں کیچ کرایا اور اپنے اگلے اوور میں ایمی جونز کو پانچ رنز پر شیفالی ورما کے ہاتھوں مڈ وکٹ پر کیچ کرایا۔کریٹ کراس (16) اور لارن فائلر (صفر) کو دپتی نے کلین بولڈ کر دیا، اس سے پہلے راجیشوری نے لارین بیل کو آٹھ رن پر جیمیمہ روڈرگز کے ہاتھوں کیچ کرا کے آخری جھٹکا دیا۔ اس طرح ویمنس انگلش ٹیم 131 پر سمٹ گئی۔ ہندوستان کیلئے واحد ٹسٹ میں یہ بہت بڑی کامیابی درج ہوئی ہے۔