کراکس ،17 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وینزویلا کے قومی اسمبلی نے ملک کے ٹاپ ٹربیونل کی درخواست پر چار اپوزیشن ممبران پارلیمنٹ کو غداری کے الزام میں پارلیمانی حقوق سے محروم کرنے کا فیصلہ لیا ہے ۔چیف پراسیکیوٹر طارق ولیم ساب نے بتایا کہ جارج ملن، ھرنان الیمن، کارلوس لوزانو اور لوئیس اسٹافینلي پر غداری، سازش ، کرپشن اور دیگر جرائم کے الزامات ہیں اور ٹربیونل کی درخواست پر قومی اسمبلی نے انہیں پارلیمانی حقوق سے محروم کرنے کے لئے پیر کو ووٹ دیا اور انہیں پارلیمانی حقوق سے محروم کرنے کا فیصلہ لیا۔ان اپوزیشن ممبران پارلیمنٹ کو جوآن گوائیڈو کا حامی کہا جاتا ہے اور سمجھا جاتا ہے کہ انہوں نے اپریل میں ملک میں ناکام فوجی بغاوت میں حصہ لیا تھا۔ امریکی حمایت یافتہ اپوزیشن لیڈر جوآن گوائیڈو نے وینزویلا کے صدر نکولس مادرو کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے جنوری میں خود کو عبوری صدر قرار دے دیا تھا۔ جس پر کچھ مغربی ممالک نے مسٹر جوآن کی حمایت کی تھی، جبکہ روس، چین ترکی اور کئی دیگر ممالک نے مسٹر مادرو کا ساتھ دیا تھا۔