کاراکاس، 16 نومبر (یو این آئی) وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے کریبیائی خطے میں امریکہ اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کی مشترکہ فوجی مشق کے اعلان کے بعد ملک کے مشرقی حصے میں مستقل چوکسی برتنے اور متحرک رہنے کی اپیل کی ہے ۔ مسٹر مادورو نے شمالی ریاست میرانڈا کے پیٹارے میں ایک عوامی تقریب کے دوران کہا کہ ”میں ایک بار پھر مشرقی ریاستوں جنوبی بولیور، ڈیلٹا اماکورو، موناغاس، سوکرے ، اینزوآتیگوی اور نوئوا ایسپارٹا کے تمام لوگوں سے شہریوں، فوج اور پولیس کے درمیان مکمل اتحاد برقرار رکھنے ، چوکسی برتنے اور وینزویلا کا پرچم بلند کرتے ہوئے سڑکوں پر مارچ کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔”انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ اپیل تمام سماجی اور سیاسی حلقوں کے لیے ایک ہدایت ہے کہ وہ چوکنے رہیں اور کسی اشتعال میں نہ آئیں۔ان کا یہ بیان ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو کی جانب سے امریکہ کے ساتھ سوکرے ریاست کے ساحل پر اپنے بحری علاقے میں نئی فوجی مشقوں کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے ۔انہوں نے اس قدم پر تنقید کرتے ہوئے اسے علاقائی امن کے لیے خطرہ اور جارحیت قرار دیا اور اس کے خلاف متحد ہونے کی اپیل دہرائی۔قابلِ ذکر ہے کہ ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو نے جمعہ کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ امریکہ کے ساتھ فوجی مشقیں دوبارہ شروع کرے گا۔ یہ ایک ماہ سے بھی کم مدت میں دوسری مشترکہ مشق ہے ۔